متاثرہ افراد کے رابطے میں آنے والے افراد کی نشاندہی اور معائنے جاری: ہرش وردھن
نئی دہلی۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے جمعہ کو کہا کہ کورونا وائرس وبا تاحال عام عوامی سطح تک نہیں پہنچی ہے اور انہوں نے پرزور لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس صورتحال ممکنہ حد تک بہتر انداز میں نمٹنے کے لیے ’اچھی معلومات‘ کے استعمال کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’تحقیق کے محاذ پر جو کچھ بھی ہورہا ہے ہم اس چیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں‘‘ کورونا وائرس کے کیسس کی مجموعی تعداد ملک بھر میں 190 سے زائد ہوچکی ہے جبکہ اس وبا سے تاحال کم سے کم چار افراد فوت ہوچکے ہیں۔ وزیر صحت نے لوک سبھا سے کہا کہ اس ضمن میں ایک بہترین تشریح کردہ پروٹوکال اور سائنسی مشورہ موجود ہے کہ آیا کس کو کورونا وائرس وبا کا معائنہ کروانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے راستے میں آنے والے افراد کی تلاش اور نشاندہی کے لیے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور ہندوستانی کونسل برائے طبی تحقیق (آئی سی ایم آر) معائنے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا ہنوز اجتماعی یا عوامی سطح تک نہیں پہنچی ہے۔ ہرش وردھن نے کورونا وائرس وبا کے انسداد کے لیے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں وقفہ صفر کے دوران تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہمارے ملک میں بہترین استعمال کے لیے ہم بھی اچھی معلومات کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے حکومت باضابطہ طور پر مسلسل رابطے میں ہے اور دستیاب معلومات کے مطابق ’’میں نہیں سمجھتا کہ ہمیں کسی خوف یا اندیشی کی شائد ہی کوئی ضرورت ہوسکتی ہے‘‘۔ ہرش وردھن ایوان میں آج کانگریس کے رکن منیش تیوار کے اس سوال پر جواب دے رہے تھے کہ آیا کورونا وائرس پھیلنے کے مقام کا پتہ چلانے کے مقصد سے عالمی ادارہ صحت سے بات کی جارہی ہے۔ وہ وبا سے نمٹنے بعض سائنسی تجربات کے نتائج کے بارے میں بھی جاننا چاہتے تھے۔