کورونا وائرس :ایران و امارات سے ہندوستانیوں کی واپسی کیلئے نقوی سرگرم

   

نئی دہلی۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کے خوف کے پس منظر میں ایران اور متحدہ عرب امارات سے جن ہندستانیوں کو واپس لا یا گیا ہے ان میں خاصی بلکہ زیادہ تعداد ہندستانی مسلمانوں کی ہے ۔یہ اطلاع دیتے ہوئے ذرائع نے بتا یا کہ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ جے شنکر سے مسلسل خصوصی رابطے میں ہیں ۔ابھی کل ہی ایران سے 236 ہندستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے ۔ان میں کوئی اس وبا سے متاثر نہیں پایا گیا۔البتہ تین لوگ معمولی طور پر متاثر نظر آئے ۔ ان سب کو قرنظینہ میں ڈال دیا گیا ہے ۔ذرائع نے مسٹر نقوی کے حوالے سے بتایا کہ ایران سے لائے گئے 53 ہندوستانیوں کا دوسرے گروپ کو آج صبح راجستھان کے جیسلمیر پہنچایا گیا ہے ۔انہیں انڈین آرمی ویلنیس سنٹر میں لے جایا گیا ہے ۔نقوی نے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پریشان برادران وطن کے تحفظ اور متاثرین کی صحتیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس رخ پر کوششوں کو ہر زاویہ سے مربوط ترین کیا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر موصوف نے کہا ہے کہ چونکہ کورونا وائرس انفیکشن کی جانچ رپورٹ بہ کثرت نیگیٹیو آئی ہے ۔ اس لئے کورونا وائرس کے انفیکشن سے غیر ضروری طور پرخوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔البتہ لازمی صفائی ستھرائی طبی مشوروں کا پاس رکھا جائے ۔ بلا ضرورت بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے گریز کیا جائے ۔وطن لوٹنے والے زیادہ تر ہندستانی کارگل، اترپردیش، کرناٹک، حیدرآباد اور دوسرے علاقوں کے بتائے جاتے ہیں۔