کورونا وائرس : ایران کا امریکی مدد قبول کرنے سے انکار

,

   

Ferty9 Clinic

وائرس امریکی سازش بھی ہوسکتا ہے ۔ ادویات میں زہر بھی ممکن : آیت اللہ علی خامنہ ای
دوبئی 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران کے روحانی رہنما نے اتوار کو کہا کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے امریکی مدد قبول نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس کے پھیلنے میں ایک سازش کا پہلو ہوسکتا ہے اور یہ امریکہ نے تیار کیا ہے ۔روحانی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے یہ ریمارکس ایسے وقت میں کئے ہیں جبکہ ایران کو امریکی تحدیدات سے نمٹنے میں سخت ترین مشکلات کا سامنا ہے اور امریکہ نے اس پر بین الاقوامی مارکٹ تک رسائی اور تیل کی فروخت پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ تاہم ایرانی سیویلین عہدیداروں نے حالیہ عرصہ میں ان تحدیدات پر تنقیدوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ 80 سالہ خامنہ ای نے کہا کہ کورونا وائرس میں امریکی سازش کا پہلو بھی ہوسکتا ہے اور چین اس پر زیادہ زور دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وائرس سے نمٹنے امریکی امداد قبول نہیں کرینگے کیونکہ ہوسکتا ہے کہ امریکہ اس کیلئے جو ادویات فراہم کرے انہیں سے وائرس مزید پھیل جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اس میں زہر بھی ہو کیونکہ یہ کہا جا رہا ہے کہ اس وائرس کو خاص طور پر ایران کو نشانہ بنانے کیلئے بھی تیار کیا گیا ہے ۔ خامنہ ای نے جو ریمارکس کئے ہیں اس کا دنیا بھر میں کوئی سائنٹفک ثبوت دستیاب نہیں ہوسکا ہے ۔ تاہم واضح رہے کہ چین کے ترجمان نے جاریہ مہینے کے اوائل ہی میں واضح کردیا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ کورونا وارئس امریکی فوج کی جانب سے ووہان میں لایا گیا تھا ۔ انہوں نے امریکہ پر زور دیا تھا کہ وہ اس تعلق سے شفافیت اختیار کرے اور ایک وضاحت کرے ۔ ووہان چین کا ایک شہر ہے جہاں سب سے پہلے کورونا وائرس پھوٹ پڑا تھا ۔ حالیہ عرصہ میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بھی اس وائرس کو چینی وائرس قرار دیا جا رہا ہے جبکہ عالمی تنظیم صحت نے اس تعلق سے کچھ بھی نہیں کہا ہے ۔ ایک امریکی سینیٹر نے گذشتہ دنوں تاہم اس وائرس کو چین کا تیار کردہ وائرس قرار دیا تھا تاہم اس کا بھی انہوں نے کوئی سائنٹفک ثبوت فراہم نہیں کیا تھا ۔ یہ وائرس ساری دنیا میں کہرام مچانے کا باعث بن رہا ہے ۔