حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ملک میں کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے ۔ اشیاء ضروریہ کی قلت کے خوف سے جہاں لوگ سامان کی خریداری میں عجلت کررہے ہیں وہیں پکوان گیاس سلنڈر ( ایل پی جی ) کی بکنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ شہر کے ڈیلرس بروقت سلنڈرس کی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ ساتھ ہی ڈیلیوری بوائز کو بھی یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ سلنڈر کی ڈیلیوری کے دوران تمام اصولوں اور قواعد کا لحاظ رکھیں ۔ شہر میں تقریبا 150 ایل پی جی ڈیلرس ہیں اور ہر دن ایک لاکھ پچاس ہزار ( 1.50 ) لاکھ گھریلو پکوان گیاس کے سلنڈرس شہر میں سربراہ کئے جاتے ہیں ۔ بعض ڈیلرس کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے گیاس سلنڈرس کی بکنگ میں اضافہ ہوا ہے کیوں کہ بعض افراد قلت کے خوف سے اس کا ذخیرہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ڈیلرس نے بتایا کہ گذشتہ ہفتہ کی گئی تمام بکنگس کی سپلائی کو ترجیح دی جارہی ہے ۔ اس تازہ بکنگس پر بھی فوری سپلائی کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سوائے اس بات کے بعض کنزیومرس کی جانب سے اس کی معقول وجہ نہ بتائی جائے ۔ گریٹر حیدرآباد ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرس اسوسی ایشن کے ایک رکن نے بتایا کہ عملہ کے بعض ارکان ڈیوٹی پر رجوع ہونے سے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کررہے ہیں ۔ انہیں ڈیوٹی کرنے کے لیے راغب کیا جارہا ہے اور کنزیومرس کو کسی تکلیف یا پریشانی سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت سلنڈرس کی ڈیلیوری کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ ڈیلیوری بوائز کو ماسک اور دستانے پہننے کی ہدایت دی گئی ہے جب کہ سلنڈرس کو گھروں کے باہر ہی فراہم کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ کم سے کم رابطہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ڈیلرس نے آئیل کمپنیوں سے فلنگ اسٹیشنوں پر تمام سلنڈرس کو اسٹرلائزڈ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ وال وغیرہ کی خرابی اور وزن میں کمی جیسے نقائص کو بھی وہیں دور کیا جائے کیوں کہ ڈیلیوری بوائز کے لیے یہ ممکن و مناسب نہیں ہوگا کہ وہ کنزیومرس کے مکانات پر ان چیزوں کی جانچ کی جائے جیسا کہ عام طور پر ہوتا تھا ۔۔