دوبئی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بحرین نے جو ایک چھوٹا سا جزیری ملک ہے، نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشہ کو مدنظر رکھتے ہوئے دوبئی کیلئے اپنی تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں جسے دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ کہا جاتا ہے۔ بحرین کے شاہ کا کہنا ہیکہ بیرون ملک سے آنے والے مسافرین کی دوبئی میں مناسب اسکریننگ کئے جانے کے تعلق سے انہیں خدشات لاحق ہیں۔ یہی نہیں بلکہ شارجہ کے بارے میں بھی انہوں نے یہی بات کہی۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں فوری اثر کے ساتھ لاگو کی جارہی ہیں جو کم سے کم آنے والے 48 گھنٹوں تک لاگو رہیں گی۔ بحرین میں کورونا وائرس سے متاثرہ پہلا شخص ایک اسکول بس ڈرائیور بتایا گیا ہے جس نے ایران کا سفر کرتے ہوئے واپسی میں دوبئی میں توقف کیا تھا اور کووڈ ۔ 19سے متاثر پایا گیا تھا۔ اس سلسلہ میں اب تک دوبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ نے کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا ہے جبکہ شارجہ ایرپورٹ سے بھی فوری طور پر رابطہ قائم نہیں ہوسکا۔
جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے 60 نئے معاملات، جملہ تعداد 893
دوبئی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے مزید 60 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔ کوریا سنٹرس فار ڈیسیئر کنٹرول اینڈ پریونشن کی جانب سے منگل کی صبح مذکورہ تعداد کو ایک ہی دن کی سب سے کم تعداد بتایا جارہا ہے۔ اس طرح اب کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 893 افراد متاثر ہیں جو کے سی ڈی سی کے مطابق چین سے باہر کسی بھی ملک کی متاثر ہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے جبکہ ایک شخص کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے جس سے مہلوکین کی جملہ تعداد 8 ہوگئی ہے۔ گذشتہ تین دنوں سے کے سی ڈی سی نے ہر صبح کو جب جب متاثرین کی تعداد میں اضافہ بتایا وہ تین ہندسی تھا تاہم جنوبی کوریا ایک ایسا ملک ہے جہاں طبی نظام کافی عصری نوعیت کا ہے۔ یہی نہیں بلکہ وہاں صحافتی آزادی بھی پائی جاتی ہے اور عوامی نمائندوں (وزراء وغیرہ) کو عوام کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے جو ایک اچھی علامت ہے۔
ایران میں کورونا وائرس سے مزید تین افراد ہلاک
تہران ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں کورونا وائرس سے مزید تین افراد فوت ہوگئے۔ اس طرح ملک میں اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی جملہ تعداد 15 ہوگئی جو چین سے باہر کسی بھی ملک میں ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ ہے۔ یاد رہیکہ ایران گذشتہ کچھ دنوں سے کورونا وائرس پر قابو پانے جدوجہد کررہا ہے اور جب سے ایران کے شہر قوم میں وائرس سے دو افراد فوت ہوئے تھے اس کے بعد پورے ملک میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ ارنا خبر رساں ایجنسی کے مطابق مزید دو افراد کو وائرس سے متاثر پایا گیا ہے جنہیں البورز میڈیکل یونیورسٹی میں زیرعلاج رکھا گیا تھا۔ ایران میں اب تک مجموعی طور پر 61 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔