آکسیجن کی پیداوار بڑھانے نئے پلانٹس قائم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے آج عارضی سکریٹریٹ بی آر کے بھون میں چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا جس میں بلاک فنگس انفیکشن کے پھیلنے کے علاوہ کورونا کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کا جائزہ کورونا کا علاج کرنے کیلئے ہاسپٹلس میں بیڈس کی دستیابی ، ضروری ادویات کے حصول ، آکسین کی فراہمی کے علاوہ سرکاری ہاسپٹلس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا ۔ قبل ازیں وزیر فینانس ہریش راؤ نے چیف سکریٹری سومیش کمار کے ساتھ کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل میں بلاک فنگس انفیکشن کا علاج کرنے کیلئے قائم کردہ نوڈل سنٹر کا معائنہ کیا اور علاج کے لئے دستیاب سہولتوں کے بارے میں متعلقہ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ دوسرے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں ہدایت دی کہ اس انفیکشن کے علاج میں کوئی لاپرواہی اور غفلت برتی نہ جائے ۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہاسپٹلس میں آکسیجن کی سربراہی بالخصوصی لکویڈ آکسیجن اسٹوریج یونٹس اورپلانٹس کی تعمیرات پر غور و خوض کیا گیا ۔ آکسیجن کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہریش راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔