’کورونا وائرس بھی بیوی جیسا ہے، برداشت کریں ‘ساتھ رہنا سیکھیں: انڈونیشیائی وزیر

,

   

جکارتہ ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کے سلامتی امور کے وزیر یہ متنازعہ اور خواتین مخالف قرار دیا جانے والا بیان دے کر مشکل میں پڑ گئے ہیں کہ کورونا وائرس بھی ’بیوی جیسا ہے، جسے وقت کے ساتھ برداشت کیا اور جس کے ساتھ رہنا سیکھا جانا چاہیے‘۔دنیا بھر میں کووِڈ انیس کے وبائی مرض کی وجہ بننے والے نئے کورونا وائرس کے بارے میں انڈونیشیا کے سکیورٹی منسٹر محمد محفوظ نے یہ بیان چہارشنبہ 27 مئی کو یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی اپنی ایک ویڈیو میں دیا۔ اس کے بعد ان پر کئی سماجی حلقوں اور خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کی طرف سے شدید تنقید کی جانے لگی۔ محمد محفوظ پر یہ تنقید ابھی تک جاری ہے۔آبادی کے لحاظ سے دنیا کے اس سب سے بڑے اسلامی ملک میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے حکومت نے عوامی شعبے میں کئی طرح کی پابندیاں لگا رکھی ہیں۔یہ پابندیاں اگلے ماہ کے اوائل سے کچھ نرم کر دی جائیں گی۔ حکومت کا عوام سے مطالبہ ہیکہ وہ بدلے ہوئے حالات میں خود کو اس صورتحال کے لیے تیار کر لیں، جسے ’نئی نارمل صورتحال‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔