کورونا وائرس : تبلیغی جماعت سے توجہ ہٹائے نہیں ہٹ رہی

,

   

یوپی میں 1,551 ارکان تبلیغی جماعت کی نشاندہی
٭اترپردیش میں ایسے کم از کم 1,551 لوگوں کی شناخت ہوئی جن کا تعلق تبلیغی جماعت کے اجتماع منعقدہ نظام الدین مرکز سے ہے۔ ان میں سے 1,257 قرنطینہ میں رکھے گئے ہیں۔ لکھنؤ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اوانیش اوستھی نے کہا کہ سب سے زیادہ 230 ارکان جماعت میرٹھ میں زیرقرنطینہ ہے۔ بریلی ، واراناسی ، گورکھپور ، آگرہ ، کانپور ، لکھنؤ ، گوتم بدھ نگر اور الہ آباد میں بھی درجنوں ارکان جماعت الگ تھلگ رکھے گئے ہیں۔ عوام سے ارکان جماعت کا پتہ چلانے میں مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

پنجاب میں تبلیغی جماعت والوں 24 گھنٹے کی مہلت
٭ حکومت ِپنجاب نے منگل کو ان تمام کو 24 گھنٹے کی مہلت دی جنہوں نے گزشتہ ماہ نئی دہلی کے نظام الدین مرکز میں تبلیغی جماعت کے مرکز میں شرکت کی تھی۔ اس کے بعد وہ منظر سے غائب ہوگئے ۔ حکومت نے کہا کہ وہ قریبی پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوں ورنہ انہیں فوجداری مقدمہ کا سامنا کرنا ہوگا۔ ریاستی محکمہ صحت نے کہا کہ اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد جو فی الحال پنجاب میں ہیں، انہیں اندرون 24 گھنٹے رجوع ہوکر کووڈ۔ 19 اسکریننگ ٹسٹ کرانا چاہئے۔ پنجاب پولیس نے ابھی تک 445 افراد کا پتہ چلایا ہے۔

مہاراشٹرا میں 50 ارکان جماعت کی تلاش
٭ مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے منگل کو کہا کہ تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کے بعد ریاست کو واپس 1,400 افراد میں سے 50 کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔ حکومت نے ایسے ارکان جماعت کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے جو ازخود حکومت سے رجوع نہیں ہوتے۔
تبلیغی جماعت کیخلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن
٭ سپریم کورٹ کو ایک عرضی ارسال کرتے ہوئے مرکز اور حکومت دہلی کو ہدایات دینے کی استدعا کی گئی ہے کہ تبلیغی جماعت کی سرگرمیوں پر فوری اثر کیساتھ امتناع عائد کردیں۔

ڈاکٹروں پر تھوکنے کی خبر جھوٹی : ایمس رائے پور
٭ ایمس رائے پور نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کوربا کی متوطن کورونا وائرس مریض نے اسٹاف پر نہیں تھوکا ہے۔ یہ وضاحت ایک جھوٹی خبر کے تناظر میں کی گئی کہ تبلیغی جماعت کے رکن نے ڈاکٹروں پر تھوکا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔ سوشیل میڈیا پر یہ خبر عام ہونے پر ایمس نے وضاحت کی کہ بی جے پی ایم پی سنیل سونی کا دعویٰ غلط ہے۔