بیجنگ۔22فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) چین کے صدر ژی جن پنگ نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئر بل گیٹس کو مکتوب لکھ کر ان کے خط کا جواب دیا ہے اور کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے چین کے اداروں کی مدد کیلئے شکریہ اداکیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ گیٹس نے 6 فبروری کو جن پنگ کو خط لکھ کر کہا تھا کہ ان کا فاؤنڈیشن ہنگامی طور پر 10 کروڑ ڈالر تک مدد کرنے کے لئے مصروف عمل ہے ، جس میں چین کے ایپیڈمیولوجیکل ریسرچ ، ایمرجنسی سروس اور ادویات، ویکسین اور تشخیص و علاج کو دینے میں مدد ملے گی۔جن پنگ نے گیٹس کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ میں ایسے اہم لمحے میں بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی سخاوت اور چینی لوگوں کے تئیں آپ کے اظہار یکجہتی کے کام کی ستائش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس وبا کے شروع ہونے کے بعد سے میں نے اعتماد و بھروسہ اور سائنسی بنیاد پر مقررہ اہداف کے واسطے اس سے لڑنے کے لئے چین کی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ہم چین اور دنیا بھر کے تمام لوگوں کی زندگی اور صحت کی حفاظت کیلئے پرعزم ہیں۔ ہم عالمی صحت عامہ کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔چین کے صدر نے گیٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ فاؤنڈیشن عالمی کارروائی میں شامل ہونے میں آگے رہا ہے اور عالمی ذمہ داریوں کو نبھانے میں فعال کردار ادا کیا ہے ۔ میں چین کے متعلقہ اداروں کے ساتھ آپ کے تعاون کی حمایت کرتا ہوں۔