کورونا وائرس : دنیا بھر میں 4.5 لاکھ اموات

,

   

پیرس ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب موت کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 4.5 لاکھ کی حد عبور کر گئی ہے۔ یہ تعداد آخری ڈیڑھ ماہ کے دوران بڑھ کر دو گنا ہو گئی۔ یہ بات فرانس پریس کی جانب سے جمعرات کو گرینچ کے وقت کے مطابق شام 4:15 پر جاری اعداد و شمار میں بتائی گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار دنیا بھر میں سرکاری ذرائع سے حاصل معلومات کی بنیاد پر تیار کیے گئے۔دسمبر 2019 میں چین میں کورونا وائرس ظاہر ہونے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں اس وائرس کے 8395929 کیسوں کا اندراج ہو چکا ہے۔ ان میں سے 450004 افراد اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات براعظم یورپ میں واقع ہوئیں۔ یہاں کْل 2469242 متاثرین میں سے 190112 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ تاہم لاطینی امریکہ میں اب یہ وبائی مرض انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس براعظم میں کورونا کے 1840488 متاثرین اور 86706 اموات کا اندراج ہوا ہے۔گذشتہ صرف 11 روز میں دنیا بھر میں کورونا کے سبب 50 ہزار سے زیادہ اموات واقع ہوئیں۔اموات اور متاثرین کی سب سے بڑی تعداد کے لحاظ سے امریکہ کا دنیا بھر میں پہلا نمبر ہے۔ جان ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک مین کورونا کے 2164497 مصدقہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں سے 117832 مریض اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔امریکہ کے بعد دوسرا نمبر برازیل کا ہے۔ یہاں کورونا کے سبب مرنے والوں کی سرکاری تعداد 46510 تک پہنچ گئی ہے۔ برازیل کے بعد برطانیہ 42288 اموات کے ساتھ تیسرے، اطالیہ 34514 اموات کے ساتھ چوتھے، فرانس 29575 اموات کے ساتھ پانچویں اور ہسپانیہ 27136 اموات کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔آبادی کے لحاظ سے اموات کا سب سے زیادہ تناسب یورپ کے ملک بلجیم میں سامنے آیا ہے۔ یہاں ہر ایک لاکھ افراد میں کورونا کے سبب 84 اموات کا تناسب ہے۔ برطانیہ میں یہ تناسب 62 اموات، اسپین میں 58 اموات، اٹلی میں 57 اموات اور سویڈن میں 50 اموات ہے۔