نئی دہلی ۔ /13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سالانہ فریضہ حج اس مرتبہ ہندوستانی عازمین کیلئے مہنگا ثابت ہوسکتا ہے ۔ حج 2020 ء کی تیاریاں جاری ہیں ۔ ایسے میں کورونا وائرس کا اثر سفر حج پر بھی پڑسکتا ہے ۔ بین الاقوامی سطح پر روپئے کی قیمت میں کمی ہونے کی وجہ سے ریال کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ مرکزی حج کمیٹی کے چیرمین نے بتایا کہ کرنسی ایکسچینج ٹنڈر کو ایک ماہ کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ کورونا وائرس سے عالمی سطح پر معاشی تبدیلیاں رونما ہونے کی بنیاد پر حج کمیٹی آف انڈیا نے فی الحال کرنسی ایکسچینج کا عمل روک دیا ہے ۔ اس وقت فی ریال 19.73 روپئے ہوگیا ۔ آنے والے دنوں میں ریال کی قدر میں مزید اضافہ ہوجائے تو ہندوستانی عازمین حج کیلئے زائد اخراجات برداشت کرنے پڑیں گے ۔ حالات بہتر ہونے پر ریال کی قیمت میں بھی کمی آسکتی ہے ۔ اس کا براہ راست فائدہ عازمین حج کو ہوگا ۔ مرکزی حج کمیٹی ہر عازم حج کو مکہ معظمہ پہونچنے کے بعد 2000 ریال فراہم کرتی ہے ۔ علاوہ ازیں قربانی اور دیگر امور میں بھی ریالی کی شکل میں مرکزی حج کمیٹی کو رقم ادا کرنا پڑتا ہے ۔ اس لئے کرنسی کی تبدیلی کا عمل ملتوی کیا گیا ہے ۔ عازمین حج کے فضائی کرایہ میں بھی 20 سے 30 فیصد اضافہ کا امکان ہے ۔