ریاض ۔ /8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی حکام نے سعودی عرب کے شیعہ اکثریتی والے شہر مشرقی ریجن قطیف کی ناکہ بندی کردی ہے اور یہاں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سعودی وزارت تعلیم نے تمام اسکول اور تعلیمی اداروں کو دو ہفتوں کیلئے تعطیل دینے کا اعلان کردیا ہے ۔ قطیف پر ناکہ بندی کرتے ہوئے یہاں مقیم 5 لاکھ افراد پر نظر رکھی گئی ہے ۔ یہاں پر خلیجی خطہ میں کورونا وائرس کے 230 کیس سامنے آئے ہیں ۔ ان میں سے زیادہ تر افراد ایران کے مذہبی سفر کے بعد واپس ہوئے ہیں ۔ 11 مریضوں کے ٹسٹ پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔ قطیف سے تعلق رکھنے والے کئی مریض کورونا وائرس سے متاثر بتائے گئے ۔ اس شہر کے آمد و رفت کے راستوں کو بند کردیا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ ضروری خدمات جیسے فارماسسٹ اور گیاس اسٹیشنوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ وزارت تعلیم نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند ہونے کے دوران آن لائین تعلیم جاری رکھنے کا متبادل بندوبست کیا گیا ہے ۔ قطیف میں کورونا وائرس کے انسداد کیلئے مناسب انتظام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ نائب وزیر تعلیم ڈاکٹر عبدالرحمن عاصمی نے صورتحال کا جائزہ لیا ۔
