واشنگٹن:امریکہ میں لاک ڈاؤن کھولنے کا بھیانک نتیجہ سامنے آنا شروع ہوگیا ہے ، مسلسل دوسرا روز ہے کہ جہاں مختلف ریاستوں میں سامنے آنے والے کوروناوائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے ۔کانگریس کے بجٹ آفس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں ملازمتوں پر وباء کے برے اثرات آئندہ 10 سال تک ختم نہیں کئے جا سکیں گے ۔کورونا وائرس کی وباء سے سب سے زیادہ متاثر ریاستوں میں نیویارک کا پہلا، کیلیفورنیا کا دوسرا اور ٹیکساس کا تیسرا نمبر ہے ، صرف ٹیکساس میں 1 لاکھ 80 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ریاست ٹیکساس میں ماسک پہننا لازم قرار دے دیا گیا ہے ۔ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا ہے کہ ان تمام کاؤنٹیز کے باشندوں کو ماسک لازمی پہننا ہوں گے جہاں 20 یا اس سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔امریکہ میں قومی دن کی تقریبات 4 جولائی کومنعقد ہو رہی ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا کہ ریلیوں میں بغیر ماسک کے شرکت کرنے والے افراد کورونا وائرس کی وباء پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔کورونا وائرس کی وباء کے سبب امریکہ کی معیشت بری طرح تباہ ہوگئی ہے۔ کانگریس کے بجٹ آفس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2030کے چوتھے کوارٹر میں بے روزگاری کی شرح 4 اعشاریہ 4 فیصد تک ہو گی۔یہ اس کے باوجود ہے کہ صرف جون میں لاک ڈاؤن نرم ہونے سے ملک میں 48 لاکھ افراد کو روزگار ملا ہے ، جس سے بے روزگاری کی شرح 13 اعشاریہ 3 فیصد سے کم ہوکر 11 اعشاریہ 1 فیصد ہوگئی ہے ۔واضح رہے کہ امریکہ تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 31 ہزار 485 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28 لاکھ 37 ہزار 189 ہو چکی ہے ۔کورونا وائرس کے امریکہ میں 15 لاکھ 14 ہزار 613 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 907 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 11 لاکھ 91 ہزار 91 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز
نیو یارک : امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 27 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ امریکہ کی جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک کوویڈ 19 سے 2711603 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 128385 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ امریکہ کا نیویارک اس مہلک وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ یہاں اب تک 394954 افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں اور 32043 افراد مرچکے ہیں۔ جبکہ کیلیفورنیا ، ٹیکساس ، نیو جرسی ، فلوریڈا ، الینوائے اور میساچوسٹس میں بالترتیب ایک لاکھ سے زائد افراد اس کی زد میں آچکے ہیں۔امریکہ میں چہارشنبہ کے روز اس انفیکشن کے 50 ہزار سے زیادہ کیس درج کئے گئے تھے ۔