کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے صفائی ناگزیر

   

پر ہجوم مقامات سے محفوظ رہنے کا مشورہ ، بخار ، کھانسی ، زکام پر ڈاکٹرس سے رجوع کریں
حیدرآباد۔2مارچ(سیاست نیوز) کورونا وائر س سے بچاؤ کے لئے صفائی ناگزیر ہے اور اس وائر سے محفوظ رہنے کیلئے لازمی ہے کہ پر ہجوم مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے اور ساتھ ہی بار بار ہاتھ دھونے سے اس وائرس میں مبتلاء ہونے کے خطرات میں کمی واقع ہوتی ہے۔دنیا بھر میں وائر س کی دہشت کے بعد اب نامور ادویات ساز کمپنیوں کی جانب سے اس وائر س سے بچاؤ کے لئے ادویات پر تحقیق کی جا رہی ہے لیکن تاحال اس وائرس سے نجات کے لئے کوئی دوا تیار نہیں کی جا سکی ہے ۔ ماہرین کا کہناہے کہ اس وائر س سے بچنے کا واحد طریقہ پرہجوم مقامات پر جانے گریز کے علاوہ نفاست پسندی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ چین میں اس وائرس کے پھیلنے کے بعد چینی شہر ووہان مکمل طورپر خالی کردیا گیا تھا اور لوگوں کو مکان سے نہ نکلنے کی تاکیدکی گئی تھی۔ ڈاکٹر س کا کہناہے کہ مسلسل ہاتھ صاف رکھنے اور نفاست اختیار کرنے سے کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکتا ہے اور جسم میں موجود قوت مدافعت کو مستحکم رکھنے کی ضرورت ہے۔شہر حیدرآباد میں پہلے کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کی نشاندہی اور علاج کے آغاز کے ساتھ ہی شہر میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور سرکاری سطح پر جائزہ اجلاس لئے جانے کے دوران ریاست بھر میں صفائی اور کچہرے کی نکاسی کے علاوہ اس مرض کے پھیلنے کی وجوہات کے خاتمہ کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایات جاری کی جانے لگی ہیں۔ ہمیشہ وضو سے رہنے کی کوشش کرتے ہوئے اس وائرس سے بہ آسانی محفوظ رہا جاسکتا ہے کیونکہ اس وائرس سے بچنے کیلئے لازمی ہے کہ ہاتھ ‘ منہ اور ناک کو صاف رکھا جائے اور وائرس کی علامات تیز بخار‘ کھانسی‘ زکام اور سردرد کی صورت میں فوری ڈاکٹرس سے رجوع کریں تاکہ فوری طور پر اس کی شناخت ممکن ہوسکے ۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کئی ممالک کی جانب سے پروازوں کی تنسیخ کے علاوہ دیگر ممالک سے سفر کرنے والوں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے جس میں عمرہ کے مسافرین پر سعودی عرب کی جانب سے عائد کردہ پابندی بھی شامل ہے۔ شہرحیدرآباد گاندھی ہاسپٹل میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے خصوصی نگہداشت والے کمروں کی تیاری پہلے ہی کی جاچکی ہے اور جس کسی کو بھی مشتبہ علامات کی بنیاد پر گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کیا جارہا ہے ان کی تشخیص اور علاج و معالجہ کے بعد ہی انہیں وہاں سے روانہ کیا جارہا ہے ۔ شہریوں کو چاہئے کہ وہ اس مہلک مرض سے محفوظ رہنے کیلئے پر ہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں اور صفائی اور نفاست کا خصوصی خیال رکھیں۔