کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے موسمبی کا استعمال مفید

   

موسمبی کے کاشتکار فروخت کے بارے میں فکر مند، سرکاری طور پر غریبوں میں تقسیم

حیدرآباد۔/16 مئی، ( سیاست نیوز) کورونا وائرس کے علاج کے سلسلہ میں موسمبی کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ ایسے میں تلنگانہ کے موسمبی کے کاشتکار پیداواری قیمت کی عدم وصولی کے سبب پریشان ہیں۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں موسمبی کے خریدار نہیں ہیں اور نہ ہی اسے دیگر ریاستوں کو منتقل کیا جاسکتا ہے۔ ان حالات میں کاشتکاروں کی مدد کیلئے حکومت نے موسمبی کے استعمال کے حق میں نہ صرف شعور بیداری مہم کا آغاز کیا بلکہ قائدین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ کاشتکاروں سے موسمبی حاصل کرتے ہوئے عوام میں تقسیم کریں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی اپیل پر صدر نشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر ای سرینواس نے شہر کے نلہ کنٹہ علاقہ میں غریبوں میں موسمبی کے پیاکٹس تقسیم کئے۔ مقامی ٹی آر ایس قائد بی سرینواس گوڑ نے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ موسمبی کے کاشتکاروں سے راست طور پر موسمبی کی خریدی کرتے ہوئے غریبوں میں تقسیم عمل میں لائی گئی۔ صدرنشین ایس سی، ایس ٹی کمیشن نے کہا کہ موسمبی کے استعمال سے انسان میں دفاعی نظام مستحکم ہوسکتا ہے جو کورونا اور کسی بھی طرح کے مرض سے مقابلہ کیلئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے موسمبی کا استعمال ڈاکٹروں کے اعتبار سے بھی مجرب نسخہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف موسمبی کے کاشتکار نقصان سے بچ جائیں گے تو دوسری طرف عوام بھی موسمبی کے استعمال سے وائرس سے بچ سکتے ہیں۔