کورونا وائرس سے بچائو کیلئے سماجی فاصلہ ضروری: جگدیش ریڈی

   

چیف منسٹر کے اقدامات قابل ستائش، سوریہ پیٹ میں مارکٹ کا دورہ
حیدرآباد۔ 27 مارچ (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر کو اولین ترجیح دیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے علاج کے لیے ابھی تحقیق جاری ہے لیکن احتیاط علاج سے بہتر ہے۔ جگدیش ریڈی نے رکن راجیہ سبھا بی لنگیا یادو ضلع کلکٹر کرشنا ریڈی و دیگر عہدیداروں کے ساتھ سوریہ پیٹ ضلع ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے اور اس سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات مثبت نتائج برآمد کررہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے وائرس سے بچایا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے لاک ڈائون کے ذریعہ مذہبی، سیاسی اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور سماج کی بھلائی کے لیے یہ پابندیاں عائد کی گئیں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری تحدیدات کی خلاف ورزی نہ کریں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے صورتحال بگڑنے سے قبل ہی چوکسی اختیار کرلی۔ ریاست بھر میں نظم و نسق کو متحرک کرتے ہوئے بیرونی ممالک سے آنے والے افراد پر نظر رکھی جارہی ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران بنیادی خدمات کو برقرار رکھا گیا ہے۔ عوام ضروری اشیاء کی خریدی کے لیے ہجوم کی صورت میں نہیں بلکہ تنہا نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ضروری اشیاء اور سبزیوں کی سربراہی کا انتظام کیا گیا ہے۔ وزیر برقی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 14 اپریل تک لاک ڈائون کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے ریاست کو کورونا وائرس کے خطرے سے بچالیں۔