کورونا وائرس سے بچنے ہیومیوپیتھی گولیاں کارآمد

   

سی پی آئی ہیڈکوارٹر میں آئی ڈی پی ڈی سے گولیوں کی تقسیم پی وینو گوپال چاری و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔17جون(سیاست نیوز) کورونا وائرس سے بچائو اور احتیاطی تدابیر کے طور پر استعمال کی جانے والے ہومیوپتھی کی گولیوں کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کے خصوصی نمائندے برائے دہلی پی وینو گوپال چاری نے کہاکہ کورونا وائرس کے علاوہ موسمی امراض اور چکن گنیا جیسے وبائی امراض کے لئے ہومیوپتھی ادویات کافی فائدہ مند ثابت ہوئے ہیں اور محکمہ آیوش نے بھی ان گولیوں کے استعمال کی اجازت دی ہے۔سی پی آئی کے ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میں انڈین ڈاکٹرس پیس اینڈ ڈیولپمنٹ ( ائی ڈی پی ڈی)کی جانب سے یہ گولیوں کی تقسیم عمل میںلائی جارہی تھی جس میں سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا‘ قومی صدر تنظیم انصاف سید عزیزپاشاہ‘ سی پی آئی کے ریاستی جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی کے علاوہ ڈاکٹر سدھاکر‘ ڈاکٹر شیام سندر‘ ڈاکٹر رجنی اور دیگر نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر وینو گوپال چاری نے کہاکہ الوپتھی کے ساتھ ہومیوپتھی ادوایات مہلک وباء پر قابو پانے میںکار آمد ثابت ہونگے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام کو چاہئے کہ وہ محتاط رہیں ‘ غیر ضروری مشغلوں سے اجتناب کریںاور حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو کامیاب بنائیں۔ سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ متبادل دوا کے طور پر ہومیوپتھی گولیوں کا استعمال کورونا وائرس جیسی وباء سے بچنے میںلوگوں کی ضرور مدد کرے گا۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے کہاکہ دیسی ادویات کورونا وائرس کے مرض سے مقابلے میں کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ آئے دن کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے اور ہاسپٹلس میںگنجائش بھی ختم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے گچی بائولی اسٹیڈیم میں1500بیڈس کا انتظام کیاتھا مگر کرونا کے معاملات میںاضافہ کے باوجود گچی بائولی اسٹیڈیم کا استعمال نہیں کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے طبی سہولتوں کے ساتھ گچی بائولی اسٹڈیم کو بھی کورونا مریضوں کے لئے کھولنے کا حکومت سے مطالبہ کیاہے۔