کورونا وائرس سے تاحال2000 اموات ، 60,000 متاثر

,

   

مختلف ریاستوں میں اموات و پازیٹیو کیسیس کی تعداد میں ہولناک اضافہ جاری، مہاراشٹرا اور گجرات بدترین متاثرہ ریاستیں

نئی دہلی ۔9 مئی (سیاست ڈاٹ کام)ملک میں کورونا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں اس کے 2680 نئے کیسیس سامنے آنے کی وجہ سے متاثرین کی تعداد 60 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے ۔مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے ہفتے کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس سے اب تک 59662 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1981 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ وہیں اب تک 17874 افراد صحت یاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف دواخانوں سے ڈسچارج کر دیا ہے ۔ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑتی جا رہی ہے ۔ مہاراشٹر میں 19063 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 731 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، وہیں 3470 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔سے متاثر ہونے کی معاملے میں ملک کی مغربی ریاست گجرات دوسرے مقام پر ہے ۔

گجرات میں اب تک 7402 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 449 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ وہیں 1872 افراد کو علاج کے بعد مختلف دواخانوں سے ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ قومی دارالحکومت دہلی کی حالت بھی اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ یہاں اس سے اب تک 6318 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 68 افراد نے جان گنوائی ہے ۔ وہیں 2020 افراد کو علاج کے بعد دواخانوں سے ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔اس دوران مہاراشٹر میں کورونا وائرس کا قہر عروج پر ہے ا ور یہاں گزشتہ 24 گھنٹے میں سب سے زائد 1809 نئے کیسیس سامنے آئے ہیں جبکہ گجرات، دہلی اور تمل ناڈو میں میں بھی اس کا قہر بڑھتا جا رہا ہے ۔ ان چاروں ریاستوں میں اب تک کوروناکے 38،792 کیسیس درج کئے جا چکے ہیں ۔مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے ہفتے کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کووڈ۔ 19 سے اب تک 59662 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1981 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ، وہیں 17847 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔