کورونا وائرس سے عالم تجارت ، سیاحت و اسپورٹس بھی متاثر

   

Ferty9 Clinic

ایران سے ہندوستانی طلبہ کی واپسی، آئی پی ایل ملتوی کرنے کی درخواست کی عاجلانہ سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے مرکز کو جمعرات کے دن ہدایت دی کہ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایران سے ہندوستانی نژاد طلبہ کی رسائی ہندوستانی سفارت خانہ تک ہوسکے کیوں کہ کورونا وائرس سے وباء پھوٹ پڑنے کے نتیجہ میں ایران میں مقیم ہندوستانی طلبہ بیحد پریشان ہیں کیوں کہ ایران میں کورونا وائرس سے پھیلنے والی وباء تیزی سے پھیلنے لگی ہے۔ دریں اثناء کورونا وائرس کے خوف سے تجارت، سیاحت اور اسپورٹس کے شعبہ بھی متاثر ہوئے ہیں اور محکمہ دفاع نے اپنے معمول کی سرگرمیاں بھی معطل کردی ہیں۔ امرتسر سے موصولہ اطلاع کے بموجب واگھا سرحد پر کورونا وائرس کے خوف سے فوج نے اپنی ’’طبل مراجعت‘‘ تقریب معطل کردی ہے۔ اِس تقریب کے معطل ہونے سے تجارتی سرگرمیوں پر بھی منفی اثر مرتب ہوسکتا ہے۔ شعبہ سیاحت پر وائرس کا خوف ابھی سے چھا گیا ہے۔ حکومت نے تمام قسم کے ویزاؤں کی اجرائی عارضی طور پر معطل کردی ہے اور دیگر ممالک سے ہندوستان آنے والے سیاحوں کو یہاں کی سرزمین پر اُترنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ایشین ڈیولپمنٹ بینک (آئی ڈی بی) جو تقریباً 1480 کروڑ روپئے مالیتی یعنی 20 کروڑ امریکی ڈالر مالیتی قرض ہندوستان کی پیداواری کمپنیوں کو فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے جو چند ہی ہفتوں میں منتخب کمپنیوں کو حاصل ہونے والا تھا۔ اپنے طور پر مالی امداد فراہم کرنے والے ادارہ سے ہندوستانی پیداواری کمپنیوں نے اِن کے لئے مختص رقم عاجلانہ بنیادوں پر جاری کرنے کی درخواست دی ہے۔ پونے سے موصولہ اطلاع کے بموجب جن مریضوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی علامات ظاہر ہوجائیں اُن کے ساتھ روابط معطل کردیئے جائیں گے۔ امریکہ کے وزیر دفاع نے اپنا ہندوستان کا دورہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے خوف سے ملتوی کردیا ہے جبکہ رائے پور سے موصولہ اطلاع کے بموجب چھتیس گڑھ کی یونیورسٹی میں اپنی تدریسی سرگرمیاں 18 مارچ تک معطل کرنے کا اعلان کیا ہے کیوں کہ کلاسیس میں کثرت سے طلبہ کے ہجوم کے نتیجہ میں کورونا وائرس سے پھیلنے والی وباء کے مزید پھیلاؤ کا اندیشہ ہے۔ دریں اثناء چینائی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مدراس ہائیکورٹ نے جمعرات کے دن مرکزی وزارت صحت، بی سی سی کو نوٹسیں جاری کرتے ہوئے ایک درخواست مفاد عامہ کی سماعت کے بارے میں دریافت کیا ہے جبکہ الیکس، بنزیگر اور ایک قانون داں کی جانب سے سماعت کے لئے درخواست مفاد عامہ عدالت میں داخل کی گئی تھی۔ دریں اثناء سپریم کورٹ نے آئی پی ایل ۔ 2020 ملتوی کردینے کی درخواست کی عاجلانہ سماعت سے انکار کردیا۔