کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مذہبی شناخت کو ظاہر نہ کرنے کا مطالبہ

   

حکومت اور ذرائع کو پابند کیا جائے، ہائیکورٹ میں پروفیسر ویشویشور راؤ کی درخواست مفاد عامہ

حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ریاستی حکومت اور ذرائع ابلاغ کو اس بات کا پابند کرے کہ وہ کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی مذہبی شناخت کا اظہار نہ کریں۔ پروفیسر پی ایل ویشویشور راؤ اور تلنگانہ جنا سمیتی نے تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے ایک درخواست مفاد عامہ داخل کی ہے اور اس بات کی درخواست کی گئی ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کے سلسلہ میںمذہبی شناخت کا اظہار نہ کیاجائے کیونکہ سرکاری سطح پر مسلم‘ تبلیغی جماعت ‘ مرکز اور مسجد جیسے الفاظ کا جو استعمال کیا جا رہا ہے ان الفاظ کے سبب مسلمانوں کو کورونا وائرس پھیلانے کے ذمہ دار کے طور پر پیش کیا جانے لگا ہے اور نفرت انگیز مہم کے سبب مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔ پروفیسر پی ایل ویشویشور راؤ نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست مفاد عامہ میں ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر کی جانب سے مریضوں کی مرکز سے واپس ہونے والوں اور تبلیغی جماعت سے تعلق کی نشاندہی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات کے ذریعہ ریاستی حکومت مریضوں کی مذہبی شناخت کی مرتکب ہوتی جا رہی ہے اور ان حالات میں اس طرح کی نشاندہی نفرت کو پھیلانے کا سبب بننے لگی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست میں استدعاء کی کہ عدالت اس معاملہ کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے ریاستی حکومت اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ ایسے کسی لفظ کا استعمال نہ کریں جس سے مریضوں کی مذہبی شناخت کا اظہار ہوتا ہو اور ایسا کرنا بلکلیہ طور پر دستور کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے اسی لئے عدالت کو اس معاملہ میں احکامات کی اجرائی کے سلسلہ میں کوئی پس و پیش نہیں کرنا چاہئے۔پروفیسر پی ایل ویشویشور کی جانب سے داخل کی گئی درخواست کو عدالت نے سماعت کیلئے قبول کرلیا ہے ۔
کرنول میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت
حیدرآباد 19 اپریل (یو این آئی) اے پی کے ضلع کرنول میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی۔اس 78سالہ شخص کو کوروناوائرس ہوگیا تھاجو زیرعلاج تھا تاہم اتوار کو اس کی موت ہوگئی۔ضلع کلکٹر ویراپانڈین نے یہ بات بتائی۔اس ضعیف کی موت کے بعد ضلع میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر5ہوگئی ہے ۔