نئی دہلی،17مارچ(سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کی وپلو ٹھاکر نے منگل کو کورونا وائرس کووڈ 19کی وجہ سے ہماچل پردیش میں ہوٹل اور سیاحت کے کاروبار کو ہورہے وسیع نقصان کا مسئلہ اٹھایا اور حکومت نے ان شعبوں کی مکمل طورپر مدد کرنے کا مطالبہ کیا۔محترمہ ٹھاکر نے کہاکہ ہماچل پردیش میں پھلوں کی پیداوار اور سیاحت ہی آمدنی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ریاست میں بے موسم برسات اور برفباری کی وجہ سے پھلوں کو شدید نقصان ہوا ہے ۔اس کے بعد اب کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کی وجہ سے ہماچل پردیش میں سیاحوں کی آمدورفت قریب قریب تھم سی گئی ہے ،اس سے ہوٹلوں میں لوگوں کا آنا بہت کم ہوگیا ہے ۔پہلے سے کرائی گئی کمروں کی بکنگ بھی منسوخ کی جارہی ہے ۔اس حالت میں ان ہوٹلوں کو شدید نقصان ہورہا ہے ۔قرض لے کر اپنے کاروبار کو چلانے والے ہوٹل مالکوں کو بینکوں کو قرض کی قسطیں چکانا بھاری پڑرہا ہے ۔سیاحوں کا آنا بہت کم ہوجانے سے ان کے ذریعہ روزی روٹی کمانے والوں کے سامنے ذریعہ معاش کا مسئلہ کھڑا ہوگیاہے ۔انہوں نے حکومت سے ایسے خراب حالات کے پیش نظر ایک سیاحی پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا اور پریشان ہوٹل مالکوں کو راحت دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے حکومت سے اس سلسلے میں ریاستی حکومتوں سے غوروخوض کرکے جلد کوئی فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا۔