میدک 18 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میدک میں کورونا وائرس ( کوویڈ 19) کے کیسس میںاضافہ ہی ہوتا جارہا ہے جس سے عوام کی تشویش میں اضافہ ہی دیکھا جارہا ہے ۔ ڈی ایم ڈی ایچ او ضلع میدک ڈاکٹر وینکٹیشور راو کی اطلاع کے مطابق آج ضلع میدک میں مزید 3 کیسس مثبت پائے گئے ہیں جس میں 2 نرساپور اور ایک بڑا شنکرم پیٹ منڈل شامل ہے ۔اس طرح کل یعنی16 جون کو ایک ہی دن ضلع میدک میں اچانک اضافہ ہوتے ہوئے 14مثبت کیسس پائے گئے تھے محکمہ صحت کے عہدیداروں کے بموجب قبل ازیں ضلع میدک میں 14 مثبت کیسس تھے اس طرح ضلع میدک میں جملہ 31 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں جو مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہے۔ ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے بار بار عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کورونا وائرس (کوویڈ 19) سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں کیوں کہ کورونا وائرس (کوویڈ 19) کا کوئی علاج نہیں ہے احتیاط ہی اس کا سب سے بڑااور آسان علاج ہے ۔ بصورت دیگر حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں ۔