افواہوں پر توجہ نہ دی جائے، محفوظ ماحول کی تشکیل ضروری : زوم مذاکرہ سے سرکردہ شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد : کورونا وائرس کے محفوظ رہنے اور ایک محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے ٹیکہ لازمی لیں اور ٹیکہ کے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے ایک محفوظ ماحول کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔امریکی قونصل خانہ متعینہ حیدرآباد کے زیر اہتمام ماہ رمضان المبارک کے سلسلہ میں منعقدہ ایک آن لائن مذاکرہ میں علماء اکرام نے حصہ لیتے ہوئے عالم اسلام کو مشورہ دیا کہ وہ ٹیکہ اندازی کے ذریعہ خود کی اور معاشرہ کی حفاظت کریں۔امریکی قونصل خانہ کے زیر اہتمام منعقدہ اس مذاکرہ میں پروفیسر مقتدر خان دلاویریونیورسٹی ‘ مولانا مفتی عمر عابدین ‘ مولانا مفتی محمود زبیر قاسمی نے حصہ لیا ۔ زوم پر منعقدہ اس پروگرام میں نظامت کے فرائض محمد مبشر الدین خرم اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست نے انجام دیئے مسٹر ڈیوڈ موئیر نے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔مذاکرہ کے دوران پروفیسر مقتدر خان نے امریکہ میں ماہ رمضان المبارک کے دوران انجام دی جانے والی سرگرمیاں اور گذشتہ دو برسوں سے کورونا وائرس کے درمیان رمضان المبارک کی آمد کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا جبکہ مولانا مفتی عمر عابدین نے محفوظ معاشرہ کی تشکیل اور ٹیکہ اندازی کی اہمیت کے ساتھ ماہ رمضان المبارک کے دوران ہونے والی تربیت و تزکیہ نفس کو آئندہ 11 ماہ کے دوران انسانی زندگی میں برقرار رکھنے اور کورونا وائرس کے دوران ماہ رمضان و عبادتوں میں خشوع و خضوع کے متعلق تربیتی پروگرام کے متعلق تفصیلات پیش کیں۔مولانا مفتی محمود زبیر قاسمی نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران عام طور پر مسلمان زکواۃ ادا کرتے ہیں اور گذشتہ دوبرسوں سے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب پریشان حال لوگوں کی مدد کے ذریعہ مسلم طبقہ نے انسانیت کی جو مثالیں پیش کی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔جنا ب سلیل قادر اسسٹنٹ پبلک افئیرس قونصل نے پروگرام کے انعقاد کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی قونصل خانہ متعینہ حیدرآبادماہ رمضان المبارک کی مناسبت سے ہر سال ایک پروگرام منعقد کرتا ہے یہ اسی کا سلسلہ ہے۔