کورونا وائرس سے مقابلہ کے لیے ہمت ، حوصلہ اور احتیاط کی ضرورت

   

ہیڈ کانسٹبل شیخ مولانا صحت یاب ہونے کے بعد عوام کو بلند حوصلوں سے کام لینے کا مشورہ
حیدرآباد۔ کورونا وائرس سے مقابلہ کے لئے ہمت ‘ حوصلہ اور احتیاط ضروری ہے ۔ یادگیر گٹہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ 52سالہ ہیڈ کانسٹبل شیخ مولانا کو 6جون کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور 7جون کو انہیں کمشنر مہیش مرلی دھر بھاگوت کا فون کال موصول ہوا ورانہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے خود اعتمادی پیدا کرنے کی تاکید کی ۔شیخ مولانا جو کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں نے بتایا کہ انہیں کورونا وائرس کی تصدیق کے ساتھ ہی گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا تھا اور وہ زندگی سے مایوس ہوگئے تھے لیکن کمشنر مہیش بھاگوت نے جب انہیں فون کرتے ہوئے ان سے بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں خود اعتمادی کے ساتھ مرض کا مقابلہ کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ وہ 24 گھنٹے کسی بھی طرح کی مدد کیلئے انہیں دستیاب رہیں گے تب ان میں کچھ حوصلہ پیدا ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کیلئے حوصلہ اور خود اعتمادی کی ضرورت ہے کیونکہ مایوسی سے صحت میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ انہو ںنے کمشنر پولیس اور گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ گھر پر ہیں لیکن وہ اب اپنی زندگی میں سدھار لا رہے ہیں ۔ شیخ مولانا نے کہا کہ وہ گھر واپس ہونے کے بعد بھی کافی احتیاط کر رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ کسی بھی طرح سے مرض کے پھیلاؤ کے مؤجب نہ بنیں ۔انہوں نے بتایا کہ گھر واپس ہونے کے بعد بھی وہ ایک بار استعمال کرنے کے بعد تلف کردیئے جانے والے برتن استعمال کررہے ہیں علاوہ ازیں روزانہ غرارہ اور صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ یوگا پر توجہ دینے لگے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ صحت مند غذاؤں کے استعمال کے ذریعہ کورونا وائرس سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔انہوں نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والو ں کو مشورہ دیا کہ وہ خوف میں مبتلاء ہونے کے بجائے خود اعتمادی کے ساتھ مرض کا مقابلہ کریں ۔