امراوتی 8 اپریل ( یو این آئی) آندھراپردیش حکومت نے ریاست کے 13اضلاع کے 58پرائیویٹ ہاسپٹلس کو حاصل کرلیا تاکہ کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ان پرائیویٹ اداروں میں 19,114بستر دستیاب ہیں۔ان 19,144بستروں کے منجملہ 17,111نان آئی سی یو بستر،1286آئی سی یو کے بستر اور 717الگ تھلگ بستر شامل ہیں۔ اضافی طورپر متبادلہ سہولیات 530بستروں کی گنجائش کے ساتھ قائم کی گئی ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی نوڈل آفیسر جی شنکر نے بستروں کی دستیابی،ونٹی لیٹرس، آئی سی یوز اور تکنیکی اسٹاف کے سلسلہ میں کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں شامل ہونے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پرائیویٹ شعبہ سے درخواست پر ان اداروں نے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہم نے 19000بستروں کی گنجائش کے ساتھ جملہ 58پرائیویٹ ہاسپٹلس حاصل کئے ہیں۔اس سے طبی انفراسٹرکچر میں مزید اضافہ ہوگا اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریاستی حکومت تیار رہے گی۔ونٹی لیٹرس کی تیاری،ٹسٹنگ کٹس اور دیگر آلات جن کی تیاری کا کام وشاکھاپٹنم میں کیاجارہا ہے کے ذریعہ ریاست کا نظام مزید مستحکم ہوگا او راس دباو میں جنگ کے اس محاذ میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔