کورونا وائرس سے نمٹنے جنگی خطوط پر اقدامات ناگزیر: وینکٹ ریڈی

   

غریب مزدوروں کو راشن اور دودھ مفت سربراہ کیا جائے، سی پی آئی کارکنوں کو متحرک ہونے کا مشورہ
حیدرآباد۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے دنیا بھر کو پریشان کرنے والے مہلک کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتوں کے ساتھ ساتھ عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کورونا وائرس کے خلاف اعلان جنگ کریں اور تمام تر احتیاطی اقدامات کے ذریعہ ہی اسے پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں کے بعد تلنگانہ میں وائرس پھیلنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ لہٰذا ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اپنی طاقت اور صلاحیت کے اعتبار سے اس وائرس کا مقابلہ کرے۔ اس کے لیے واحد حل احتیاط اور چوکسی ہے۔ حکام کی جانب سے وقتاً فوقتاً جو ہدایات جاری کی جارہی ہیں ان پر سختی سے عمل کیا جائے۔ حکومتوں کو جنگی خطوط پر اقدامات کرنے ہوں گے اور عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ عہدیداروں سے تعاون کریں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے سبب غریب افراد اور خاص طور پر روزانہ کمائی کرنے والے ورکرس معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ آٹو ڈرائیورس اور ٹیکسی ڈرائیورس کو مسافرین نہ ملنے کے سبب روزانہ کی کمائی نہیں ہورہی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے غریبوں کو راشن اور دودھ مفت سربراہ کرے۔ اس کے علاوہ کسی حد تک مالی امداد بھی کی جائے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس نے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔ ایرلائنس، فلم انڈسٹری، مالس اور دیگر بڑے اداروں کو بند کردیا گیا جس کے سبب ان اداروں میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین پریشان حال ہیں۔ حکومت کو ایسے ملازمین کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کو درکار ماسک مفت سربراہ کرے اور ہر ضلع میں عہدیداروں کو ماسک کی سربراہی کی ہدایت دی جائے۔ سی پی آئی سکریٹری نے کہا کہ کورونا وائرس کی آڑ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے اس کے علاوہ نقلی اشیاء سربراہ کی جارہی ہیں۔ حکومت کو اس پر کنٹرول کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضعیف العمر افراد اور کمسن بچوں کو گھروں تک محدود رکھنا چاہئے کیوں کہ وائرس سے یہ لوگ زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے سلسلہ میں حکومت سے تعاون کریں۔ سیاسی جماعتوں اور عوامی تنظیموں کو شعور بیداری کی مہم چلانی ہوگی۔ وینکٹ ریڈی نے سی پی آئی قائدین، کارکنوں اور کیڈر کو ہدایت دی ہے کہ اپنے اپنے مقامات پر عوام میں شعور بیداری کے علاوہ سرکاری عہدیداروں سے تعاون کریں تاکہ عوام کو اس مہلک مرض سے بچایا جاسکے۔