کورونا وائرس سے نمٹنے حکومت تلنگانہ کے اقدامات کی مرکز سے ستائش

,

   

مٹن کی مقررہ قیمت سے اضافی رقم وصولی پر سخت کارروائی کا انتباہ ، ٹی سرینواس یادو وزیر کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وزیر انیمل ہسبنڈری تلنگانہ ٹی سرینواس یادو نے ریاست میں 700 روپئے فی کیلو مٹن فروخت کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد شہر کے بعض علاقوں میں مٹن کی قیمت فی کیلو 1000 روپئے سے تجاوز ہونے کی شکایتیں وصول ہونے کے بعد محکمہ انیمل ہسبنڈری نے فی کیلو مٹن کی قیمت 700 روپئے مقرر کردی اور تمام مٹن شاپس کو احکامات جاری کردئیے گئے ہیں وہ اپنی دوکان کے باہر فی کیلو مٹن 700 روپئے کے بورڈ آویزاں کردیں ۔ محکمہ کے عہدیداروں نے دونوں شہروں کے مختلف مٹن کے دوکانات کا معائنہ کیا اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر دو درجن سے زائد دوکانات کو بند بھی کردیا ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تلنگانہ حکومت کے خدمات کی مرکزی حکومت نے ستائش کی ہے اور مرکزی ٹیم نے حکومت کی کارکردگی پر اپنا اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے ۔ اس کے بعد بی جے پی اور کانگریس کو حکومت پر تنقیدیں کرنے کے بجائے اس بحران میںحکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہئے ۔ وزیر نے کہا کہ آج سے ریاست میں دوسرے مرحلے کا راشن شاپس سے چاول تقسیم کرنے کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے ۔ نقد رقم تقسیم کے عمل کا 2 مئی سے آغاز ہوگا ۔ مائیگرینٹ ورکرس کو ان کے اپنے آبائی مقامات کو منتقلی کے لیے ریاستی حکومت نے سب سے پہلے مرکزی حکومت کو تجویز پیش کی جس پر مرکز نے مثبت ردعمل کا ابھی اظہار کیا ہے اور آج سے مائیگرینٹ ورکرس ، طلبہ اور سیاحوں کے منتقلی کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہلک وباء کے خلاف مرکز اور ریاستی حکومتیں متحدہ طور پر کام کررہی ہیں اور جس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔ ٹی سرینواس یادو نے تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے پر غیر ذمہ دارانہ رول ادا کرتے ہوئے حکومت پر تنقید برائے تنقید کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس بحران کے موقع پر سیاست سے بالاتر ہو کر تمام قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔۔