حکومت سے 9 مطالبات پورے کرکے دکھانے ترنمول کانگریس کا زور
نئی دہلی ۔ /5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مودی حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے غیرسنجیدہ مظاہرہ کررہی ہے ۔ کورونا وائرس کی تاریکی کو دور کرنے ’’دیا‘‘ روشن کرنے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کی گئی اپیل پر تنقید کرتے ہوئے ترنمول کانگریس لیڈر ڈیرک اوبرین نے ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے ۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ سیاہ پس منظر میں موم بتی کی لو تلملارہی ہے ۔ اس ویڈیو میں حکومت سے پارٹی نے 9 مطالبات کئے ہیں اور سوال کیا ہے کہ آیا اب ہم کو یہ 9 چیزیں حاصل ہوسکتی ہیں ؟ ایک منٹ کے ویڈیو میں پہلا میسیج دیا گیا ہے ۔ اس کے بعد ایک ایک کرکے مطالبات پیش کئے گئے ہیں ۔ ایک ریاست کی مالیاتی حد 3 تا 5 فیصد کی جاکر راحت پہونچائی جائے ۔ ریاستوں کو دیئے جانے والے جی ایس ٹی بقایا جات جاری کئے جائیں۔ جی ڈی پی کا ایک فیصد سے 5 فیصد تک تخمینی پیاکیج بھی فراہم کیا جائے ۔ اس ویڈیو میں راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ نے مودی حکومت کے سامنے مطالبات پیش کئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت کورونا وائرس کے تمام ٹسٹ مفت کروائے ۔ ڈاکٹروں ، نرسوں ، طبی عملہ کے تمام پروفیشنلس کیلئے معیاری تحفظاتی کٹس کی دستیابی کو آسان بنائیں ۔ ایک ایسے وقت میں جبکہ بڑے پیمانے پر ملازمتوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ حکومت کو چاہئیے کہ وہ ہنگامی ویج سبسیڈی فراہم کرے ۔ غذائی اجناس کی وافر مقدار سربرہ کرے ۔ روزمرہ کی روزی حاصل کرنے والے مزدوروں کیلئے ایک مکمل پیاکیج تیار کریں ۔