کورونا وائرس سے نمٹنے حکومت چوکس، عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں

   

متاثرہ ایک کیس گاندھی ہاسپٹل میں ، 2 کی رپورٹ پونے لیاب روانہ، ایر پورٹ پر مسافری کی اسکریننگ

عوام احتیاطی قدم اٹھائیں
حکومت 5000 کروڑ خرچ کرنے تیار
اسمبلی میں چیف منسٹرکے سی آر کا بیان
حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس منظر عام پر آیا ہے ۔ اٹلی سے آنے والے ایک شخص میں وائرس کے آثار پائے گئے جس کا گاندھی ہاسپٹل میں علاج کیا جارہا ہے۔ مزید دو افراد کے بارے میں وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے جن کی رپورٹ تصدیق کیلئے مرکزی حکومت کے ادارہ پونے روانہ کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے آج تلنگانہ اسمبلی میں کورونا وائرس کے مسئلہ پر بیان دیا اور کہا کہ حکومت پوری طرح چوکس ہے اور وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ مکمل چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کا کوئی خاص اثر نہیں ہے اس کے باوجود حکومت پوری طرح چوکس ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام کو خوفزدہ یا دہشت کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت نے وائرس کو روکنے کیلئے ہر طرح کے احتیاطی قدم اٹھائے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر1000کروڑ نہیں بلکہ 5000 کروڑ خرچ کرتے ہوئے کورونا وائرس پر قابو پایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر عوام کو درکار ماسک، سنیٹائزر فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں کورونا وائرس سے جو شخص متاثر پایا گیا تھا وہ روبہ صحت ہوچکا ہے اسے ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا۔ تلنگانہ میں کورونا پازیٹیو کے 2 کیسیس درج کئے گئے۔ اٹلی سے آنے والے شخص کو کورونا سے متاثر پایا گیا ہے جسے گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ معائنہ کے سیمپلس پونے کے لیاب کو روانہ کئے گئے ہیں۔ وائرس کی روک تھام کے اقدامات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تشکیل شدہ اعلیٰ اختیاری کمیٹی جائزہ لے رہی ہے۔ کسی بھی ناگہانی کو روکنے کیلئے احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں نے احتیاطی اقدامات کئے ہیں۔ بنگلور میں اداروں کو بند کردیا گیا۔ کئی ریاستوں میں تھیٹر اور اسکولس بند کئے گئے ہم بھی تمام احتیاطی قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کیلئے کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ڈی سی پی پرکاش ریڈی کی قیادت میں کمیٹی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے ۔ ایر پورٹ پر200 افراد کا اسکریننگ ٹسٹ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں ابھی تک 65 کورونا وائرس کے متاثرین میں17 غیر ملکی افراد شامل ہیں۔ 65 افرادمیں 10 کو ڈسچارج کردیا گیا۔ وائرس سے ابھی تک صرف 2 اموات واقع ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولس اور تھیٹرس کو بند کرنے کے مسئلہ پرکابینی اجلاس میں فیصلے کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی اقدامات کے طور پر کوئی جلسہ یا اجلاس منعقد کرنے سے گریز کریں کیونکہ ماہرین کے مطابق ہجوم کے جمع ہونے سے وائرس کا پھیلاؤ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر روزانہ کورونا وائرس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کے سی آر نے بتایا کہ تاریخ شاہد ہے کہ ماضی میں بھی اس طرح کی وبائیں پھیلتی رہی ہیں۔ ہر 100 سال میں ایک بار اس طرح کی وبائیں دنیا کو متاثر کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر ایر ٹریفک میں اضافہ ہوچکا ہے۔ دیگر ممالک سے حیدرآباد کیلئے راست فلائیٹ کی سہولت نہیں ہے۔ کورونا سے متاثرہ ممالک سے آنے والے ہندوستانیوں کو 14 دنوں تک آبزرویشن میں رکھا جارہا ہے۔ ایرپورٹ پر 200 رکنی میڈیکل ٹیم موجود ہے جو مسافرین کا معائنہ کررہی ہے۔