سخت شرائط ، مریضوں کو علحدہ طبی خدمات اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے مشورے
حیدرآباد۔8اپریل(سیا ست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر کی ریاستوں میں موجود اضلاع کو 4علحدہ علحدہ زون میں منقسم کرتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ماہرین کی جانب سے دی جانے والی رائے کا ریاستی حکومت کی جانب سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ماہرین نے حکومت کو روانہ کی گئی تجویز میں اضلاع کو گرین‘ ایلو ‘ آرینج اور ریڈ زون میں تقسیم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ گرین زون میں ان علاقو ںکو رکھا جائے گا جن میں کوئی کوروناوائرس سے متاثرہ مقامی شخص نہ پایا گیا ہو اور اگر کوئی بیرون ملک سے واپس ہوا ہے اور وہ متاثر ہوا ہے تو بھی اسے مقامی شمار نہیں کیا جائے گا بلکہ گرین زون میں رہنے والے شہریوں میں شعور بیداری کے علاوہ انہیں سماجی فاصلہ اور ہاتھ دھونے کے علاوہ ماسک کے استعمال کی ترغیب دی جائے گی جبکہ بیرون ملک سفر سے واپس ہونے والوں کا لازمی معائنہ کرتے ہوئے انہیں 14دن کیلئے لازمی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ ایلو یعنی زرد زون میں ان علاقوں کو شامل کیا جائے گا جہاں چند مقامی افراد ایک دوسرے سے ملاقات کے ذریعہ متاثر ہوئے ہیں اور کورونا وائرس کے مرض کی توثیق ہوچکی ہے۔ ان علاقو ں میں عوام کو ہجوم کی شکل میں جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی اور طبی عملہ کو مکمل احتیاط کی ہدایات دیتے ہوئے ان کے تحفظ کا انتظام کرنے کے علاوہ عوام میں شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔اسی طرح مصدقہ مریضوں سے رابطہ میں آنے والوں کے معائنہ کے ذریعہ اس بات کی جانچ کی جائے گی کہ کہیں یہ معاشرتی منتقلی یا طبقاتی منتقلی کی سمت رواں تو نہیں ہے۔ اسی طرح آرینج زون یعنی عنبر زون میں جس کسی شخص میں علامات نظر آئیں گی ان تمام کے معائنہ کئے جائیں گے اور معائنوں کی سہولت کے ساتھ علاج کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا ۔پہلے دو زون میں جو سہولتوں اور اقدامات کا تذکرہ کیا گیا ہے وہ اس زون میں بھی شامل رہیں گی اور عوامی مقامات کو جراثیم سے پاک بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ کسی بھی عوامی اجلاس یا تقریب کی کوئی اجازت حاصل نہیں ہوگی۔ریڈ زون میں حکومت نے ان علاقو ںکو رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جن علاقو ںمیں کورونا وائرس کی معاشرتی و طبقاتی منتقلی کے شواہد موصول ہوئے ہیں اور وہ لوگ متاثر ہوئے ہیں جو کہ نہ بیرون ملک سفر کئے ہیں اور نہ ہی کسی متاثرہ شخص سے ملاقات کی کوئی دلیل موجود ہے۔ ریڈ زون میں صرف اشیائے ضروریہ اور لازمی خدمات کیلئے حمل و نقل کی اجازت حاصل رہے گی اور جن لوگوں کو متاثرہ پایا گیا ہے ان کو گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ ان کے گھرو ںمیں اشیائے ضروریہ پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ موجود سہولتوں کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں سے علحدہ دیگر طبی خدمات کو رکھا جائے گااس کے علاوہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے دیگر دواخانوں اور سہولتوں کی تیاری کی جائے گی ۔
