صفائی کرمچاریوں میں اناج کی تقسیم، اتم کمار ریڈی کا اقدام
حیدرآباد۔/11 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں محکمہ جات صحت، پولیس اور میونسپل اڈمنسٹریشن کے ملازمین کی خدمات کی بھرپورستائش کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی زندگی کی پرواہ کئے بغیر مریضوں کے علاج میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے وہ ان محکمہ جات بالخصوص ڈاکٹرس سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21 روزہ لاک ڈاؤن ریاست میں جاری ہے لیکن کئی غریب خاندان اناج اور حکومت کی امداد سے محروم ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کے سلسلہ میں حکومت کے تساہل پر عنقریب مکتوب روانہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹ کے سلسلہ میں خانگی ہاسپٹلس کو بھی اجازت دی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی کے ورکرس کی تنخواہوں کے بقایا جات فوری جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمبی اور دیگر فصلوں کی دیگر ریاستوں میں فروخت کا انتظام کیا جانا چاہیئے۔ کسان پیداواری اشیاء کی فروخت کے سلسلہ میں پریشان ہیں اور حکومت مارکٹ سہولتوں کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس پارٹی کارکنوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے سلسلہ میں حکومت کے اقدامات سے مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے پریشان حال افراد کی مدد کیلئے کارکنوں کو آگے آنا چاہیئے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نلگنڈہ اور سوریا پیٹ اضلاع میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے آج نلگنڈہ میونسپل آفس کے علاوہ ڈسٹرکٹ میڈیکل آفس کا دورہ کرتے ہوئے صحت و صفائی کے کام میں مصروف ملازمین کی ستائش کی اور ان میں اناج اور ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی ۔ انہوں نے ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو سراہا۔ اتم کمار ریڈی نے میونسپل ملازمین کی تنخواہوں کے بقایا جات فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔