عبادت گاہوں میں اجتماعات کو روکنے کا مشورہ، مرکزی وزیر کشن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مرکزی حکومت ریاستوں کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ روزانہ تمام ریاستوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستوں کا دورہ کرنے کے لیے جوائنٹ سکریٹریز کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ 26 جنوری سے تمام ایرپورٹس پر امراض کا پتہ چلانے والے جانچ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ بیرونی ممالک سے آنے والے مسافرین کی ایرپورٹس پر جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتوں سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ بیرونی ممالک میں ہندوستانی سفارتکاروں سے وقفے وقفے سے ربط قائم کرتے ہوئے صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ ملک کی سرحدوں پر سخت چوکسی اختیار کی گئی۔ منیلا میں پھنسے ہوئے تلگو طلبہ کو وطن واپس لانے کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ منادر، مساجد اور چرچس میں اجتماعی عبادتوں کو حتی المقدور روکنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ عوام کو غیر ضروری خوف و دہشت میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔ مرکز اور ریاستی حکومتیں ہر ممکن قدم اٹھارہی ہیں۔