کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت چوکس

   

محبوب نگر میں ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا بیان

محبوب نگر /6 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کورونا وائرس کو لے کر عوام خوف اور تشویش میں ہرگز مبتلا نہ ہوں ۔ ریاستی حکومت اس وائرس کو علاقہ میں روکنے اور اس کے ممکنہ علاج کیلئے چوکس ہے اور پوری طرح تیار ہے ۔ اس بات کا انکشاف ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ نے مستقر محبوب نگر پر جنرل ہاسپٹل میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے تیار کردہ خصوصی وارڈ کا مشاہدہ کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے عوام کو اطمینان دلاتے ہوئے کہاکہ یہ وائرس قابل علاج ہے اور حکومت ہر ضلع کے دواخانہ میں کورونا مریضوں کیلئے اسپیشل وارڈز قائم کر رہی ہے ۔ محبوب نگر جنرل ہاسپٹل میں 30 بستروں والا وارڈ قائم کیا جاچکا ہے اور یہاں مریضوں کا بہتر علاج ممکن ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ مشوروں پر سختی سے عمل کریں اور دوسروں کو توجہ دلائیں اور جہاں تک ہوسکے شعور بیدار کرتے رہیں ۔ ریاستی وزیر کے ہمراہ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ بھی موجود تھے ۔ ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رام کشن ، چیرمین بلدیہ نرسمہلو ، ڈاکٹرز اور عوامی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈاکٹر رام کشن نے بھی عوام کو وائرس سے متعلق نہ گھبرانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ابھی تک تو کورونا وائرس کا کوئی کیس نہیں ہوا ہے ۔ احتیاطی اقدامات کے تحت وارڈ مختص کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے کوئی شخص یہاں پہونچتا ہے تو اس کو گھر سے علحدہ رکھتے ہوئے کونسلنگ کی جائے ۔ نوڈل مرکز کی اطلاع پر مزید کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے عوام کو احتیاطی اقدامات کا مشورہ دیا اور کہا کہ بڑی حد تک وائرس سے بچا جاسکتا ہے ۔