فارما ڈی شعبہ وائرس سے نمٹنے میں معاون
ڈاکٹرس کے نمائندوں کی ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد۔/7اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے فارما ڈاکٹرس کی خدمات سے متعلق پیشکش کی ستائش کی اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی خدمات حاصل کرنے پر توجہ دلائیں گے۔ ریاست میں 7600 فارما ڈاکٹرس کورونا سے نمٹنے کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے تیار ہیں۔ فارما ڈاکٹرس کی ریاستی اسوسی ایشن کے نائب صدر نشین کی حیثیت سے بی ونود کمار نے اسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں سے بات چیت کی۔ اسوسی ایشن کے صدر چندر شیکھر نائیک اور دوسروں نے بحران کی اس گھڑی میں حکومت سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ فارما ڈی ڈاکٹرس ویلفیر اسوسی ایشن نے یقین دلایا کہ وہ وائرس سے نمٹنے میں اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے بہتر نتائج کو یقینی بناسکتے ہیں۔ فارما ڈی ڈاکٹرس کو مسلمہ حیثیت دینے کیلئے پارلیمنٹ میں بل پانچ سال قبل منظور کیا جاچکا ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ ان ڈاکٹرس کی خدمات کے ذریعہ تلنگانہ میں وائرس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر بی چندر شیکھر نائیک نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی خدمت اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔ ریاست بھر میں فارما کے 1900 طلبہ اور 5700 گریجویٹس ہیں جو اپنی خدمات دینے کیلئے تیار ہیں۔ ونود کمار نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر اور اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کا یقین دلایا۔