کورونا وائرس سے نمٹنے کے انتظامات پر اظہار اطمینان

   

مرکزی ٹیم 7 روزہ دورہ کے بعد دہلی واپس‘ لاک ڈاون پر عمل آوری کی ستائش
حیدرآباد۔ 3؍ مئی ( این ایس ایس ) جل شکتی کے ایڈیشنل سکریٹری ارون وروکا کی زیر قیادت بین وزارتی مرــــکزی ٹیم ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ دہلی واپس ہوئی ۔ یہ ٹیم 24 ؍اپریل کو یہاں پہنچی تھی اس دوران شہر کے مختلف دواخانوں ‘ کنٹینمنٹ زونس ‘ کورنٹائن زونس ‘ شلٹرہومس ‘ رعیتوں بازاروں ‘ اناپورنا موبائیل کینٹس کا 25 ؍ اپریل تا 2؍ مئی معائنہ کیا گیا اور کوویڈ ۔ 19 سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ مرکزی ٹیم نے ریاستی چیف سکریٹری سومیش کمار ‘ ڈی جی پی مہندر ریڈی ‘ پرنسپال سکریٹری صحت شانتی کماری ‘ جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ اس ٹیم نے جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس میں قائم شدہ کوویڈ ۔ 19 کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا اور شہریوں کو پہنچائی جانے والی خدمات کے بارے میں دریافت کیا ۔ مرکزی ٹیم نے کورونا وائرس وباء سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے مختلف اقدامات اور شہر میں لاک ڈاون کے موثر نفاد پر اطمینان کا اظہار کیا ۔