کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے لاک ڈائون میں توسیع واحد حل: ہنمنت رائو

   

Ferty9 Clinic

ڈاکٹر امبیڈکر کی جینتی تقاریب سرکاری سطح پر منانے پر زور
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت رائو نے لاک ڈائون میں توسیع سے متعلق کے سی آر کے فیصلے کی تائید کی اور کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے یہ واحد راستہ ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے پیش نظر مہاتما جیوتی رائو پھولے اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جینتی تقاریب سرکاری طور پر منانے سے انکار کردیا ہے۔ حکومت کا یہ فیصلہ درست نہیں ہے۔ ملازمین کو اپنے گھروں میں جینتی تقاریب منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ ان دونوں عظیم شخصیتوں کے یوم پیدائش کو محدود انداز میں منانے کی اجازت دے۔ حکومت کے فیصلے سے دلت طبقات کے جذبات مجروح ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مائک اور ٹینٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے صرف 40 افراد کو سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے جینتی تقاریب منعقد کی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھدراچلم مندر میں 60 افراد کو پوجا پاٹ کی اجازت دی جارہی ہے لیکن ہم جیوتی رائو پھولے اور امبیڈکر جینتی کے لیے صرف 40 افراد کی اجازت طلب کررہے ہیں۔ ہنمنت رائو نے شکایت کی کہ لاک ڈائون کے بہانے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ تاجرین نہ صرف ذخیرہ اندوزی کررہے ہیں بلکہ زائد قیمت حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ اضافی قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے اور لاک ڈائون میں توسیع کی صورت میں اجناس کو بلیک میں فروخت کرنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ لاک ڈائون کے دوران عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں چیف منسٹر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کریں۔