متحدہ جدوجہد کی ضرورت، رکن کونسل پربھاکر اور میئر حیدرآباد رام موہن کی اپیل
حیدرآباد۔2 اپریل (سیاست نیوز) گورنمنٹ وہپ کے پربھاکر اور میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بی رام موہن نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے معاملے میں متحدہ طور پر کام کریں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پربھاکر اور رام موہن نے کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ اس مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کرے۔ ہر شخص کو اس وباء کے خلاف متحدہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انسانیت کا تحفظ ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو تلنگانہ کو اس وباء سے محفوظ رکھنے دن رات محنت کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے ہر شخص اور ہر جماعت کا رویہ حکومت کے ساتھ ہے لیکن پردیش کانگریس سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی تائید کی تھی لیکن اچانک اپنا موقف تبدیل کرکے حکومت کے فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پولیس اور محکمہ صحت کے ملازمین کو مکمل تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے دونوں محکمہ جات کے ملازمین کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ میئر حیدرآباد نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں تلنگانہ ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے رول ماڈل بن چکا ہے۔ انہوں نے کالیشورم پراجیکٹ سے 3 ٹی ایم سی پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں ٹنڈرس کی طلبی کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ مرکزی اداروں کی امداد اور بینکس سے قرض حاصل کرکے تعمیر کیا گیا ہے۔ ملک بھر کے تمام اداروں نے کالیشورم پراجیکٹ کی تکمیل کی ستائش کی ہے۔ ان قائدین نے کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا اور کالیشورم مسئلہ کو سیاسی رنگ نہ دے۔