وینٹیانے ، 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کیلئے چین کے سفیر ڈینگ شیزُن نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے چین اور آسیان کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے ۔ شیزُن نے جمعہ کو یہاں کہا کہ دونوں فریق اس مہلک وائرس سے لڑنے کیلئے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کورونا وائرس کے مسئلہ پر لاؤس کی راجدھاني وینٹیانے میں جمعرات کوہونے والے آسیان اور چین کے خصوصی اجلاس کے بارے میں نامہ نگاروں کو بتاتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ چین اور آسیان اس بیماری سے نمٹنے ، تمام ممالک کے شہریوں کی حفاظت اور عالمی اور علاقائی صحت کے مسائل کو دور کرنے کیلئے ایک ساتھ ہیں۔قابل ذکر ہے کہ برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویت نام کا ایک گروپ ہے ، جس کا قیام 1967 میں ہوا تھا۔