کورونا وائرس : فرانس میں مسلمانوں کی تدفین کیلئے مشکلات

,

   

پیرس ۔ /2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے بیشتر ممالک میں بیرونی شہریوں کو سخت مشکلات و مصائب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انتقال کی صورت میں غیرمقیم شہریوں کی نعشوں کو آبائی مقامات کو منتقلی مشکل مرحلہ ثابت ہورہی ہے ۔ بیشتر ممالک میں انٹرنیشنل پروازوں کو بند کردیا ہے ۔ ان حالات میں مسلمانوں کی تدفین ایک مسئلہ بن گئی ہے ۔ فرانس کے قبرستانوں میں تدفین کا عمل مشکل مرحلہ ہے ۔ فرانس میں شمال مغربی اور ذیلی سہارا آفریقی ممالک کے خاندان آباد کئی دہوںسے آباد ہیں ۔فرانس میں کورونا وائرس کی وباء سے کئی مسلمان متاثر ہوئے ہیں ۔ پیرس کی بڑی مسجد کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ برسوں سے یہ مسلمانوں کیلئے یہی صورتحال ہے اس کیلئے ہم بڑی قیمت چکارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال بڑی تعداد میں نعشوں کو شمال مغربی آفریقہ اور ذیلی سہارا آفریقہ کو منتقل کیا جاتا ہے ۔ یہ کارروائی خصوصی مراکز کی جانب سے انجام دی جاتی ہے ۔ کورونا وائرس کی وباء نے اس عمل پر روک لگادی ہے چونکہ فلائیٹس کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے ۔ مراقش اور تیونس نے آمد و رفت کو بند کردیا ہے ۔ الجیریا اور مالی نے صرف ان افراد کی نعشوں کو قبول کرنے کی اجازت دی ہے جو کورونا سے متاثر نہیں ہے ۔ ان حالات میں بیشتر مسلم خاندانوں کو انتقال کی صورت میں اپنے رشتہ داروں کو فرانس کے قبرستانوں میں ہی تدفین کا عمل انجام دینا پڑرہا ہے ۔کورونا وائرس کی وباء سے سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا ہے جبکہ یوروپی ممالک میں جرمنی ، اسپین اور فرانس میں بھی ایک بڑی تعداد میں اموات ہوئی ہیں ۔