کورونا وائرس مریضوں کے لیے آن لائن میڈیکل ہیلپ لائن

   

آن لائن تشخیص و ادویات کی تجویز ، ڈاکٹرس سے مشورہ کی تاکید
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں کورو ناوائرس کے بڑھتے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت کی جانب سے آن لائن میڈیکل ہیلپ لائن کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ آن لائن تشخیص اور ادویات کی تجویز کرنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور محکمہ صحت کے عہدیداروں نے 104 ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی کالس میں اضافہ کو محسوس کرتے ہوئے خدمات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سرکردہ دواخانوں سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے آن لائن ادویات تجویزکرنے کے علاوہ ہیلپ لائن کے ذریعہ تشخیص کو یقینی بنانے کے اقدامات کو یقینی بنانے کی تاکید کی جارہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ دنوں کے دوران شہریوں کو آن لائن طبی امداد کی فراہمی اور ماہر ڈاکٹرس کے ذریعہ مشورہ کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کی تاکید کی جا رہی ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں کسی بھی شہری کو کورونا وائرس کی علامات یادیگر کسی بھی مرض سے متعلق اس ہیلپ لائن کے ذریعہ مدد فراہم کی جا رہی ہے اور طبی امداد کی فراہمی میں یہ ہیلپ لائن کافی حد تک کارگر ثابت ہونے لگی ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکو دی گئی ہدایات کے مطابق محکمہ صحت نے 104 ہیلپ لائن کو مزید بہتر بنانے کے لئے ماہرین امراض قلب‘ ذیابیطس‘ شکم کے علاوہ دیگر کی خدمات کی فراہمی کا بھی عمل شروع کیا ہے اور ڈاکٹرس کی جانب سے آن لائن ادویات کی تجویز کے سلسلہ میں بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 104 خدمات کو سال گذشتہ وسعت دینے کے اقدامات کئے گئے تھے اور ان اقدامات کے مثبت نتائج کو دیکھتے ہوئے ریاست میں سرکاری سطح پر یلی میڈیسن کو فروغ دینے کی کوششوں کا بھی آغاز کیا جاچکا ہے اور حالیہ عرصہ میں بستی دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کا آن لائن ریکارڈ تیار کرتے ہوئے انہیں ڈاکٹر کی موجودگی میں ٹیلی میڈیسن اور ماہر ڈاکٹرس کی تجویز کردہ ادویات کی فراہمی کے اقدامات کئے جا نے لگے ہیں۔