مذہبی قائدین کو مدعو کیا جائے، ٹاسک فورس کا اجلاس : ششی دھر ریڈی
حیدرآباد۔6۔ اپریل (سیاست نیوز) کورونا وائرس کے مسئلہ پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے قائم کردہ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ منعقد کیا ۔ 20 رکنی ٹاسک فورس میں دامودر راج نرسمہا ، محمد علی شبیر ، جے کسم کمار ، ایس سمپت کمار ، ایم کودنڈا ریڈی ، ڈاکٹر شراون ، آر دامودر ریڈی ، ڈاکٹر ملو روی ، ظفر جاوید ، ڈاکٹر ونود کمار ، شیخ عبداللہ سہیل ، راملو نائک ، شریمتی اندرا شوبھن ، جی نرنجن اور دوسرے شامل ہیں۔ ششی دھر ریڈی نے وائرس سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت کے لئے اقدامات کی مکمل تائید کی۔ انہوں نے ڈاکٹرس ، میڈیکل اسٹاف کی ستائش کی جو مریضوں کے علاج میں دن رات مصروف ہیں۔ محکمہ جات ، پولیس ، ریونیو ، میونسپل ، سیول سپلائیز اور اگریکلچر کے عہدیداروں کی بھی ستائش کی تھی ۔ ٹاسک فورس نے چیف منسٹر کے سی آر سے خواہش کی ہے کہ فوری کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے حکومت کے اقدامات سے واقف کرائیں اور اپوزیشن کی رائے حاصل کریں۔ مستقبل قریب میں مختلف مذہبی تہواروں کے پیش نظر تمام مذاہب کے قائدین کا اجلاس طلب کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کورونٹائن میں موجود افراد کے معائنہ کے لئے مناسب انتظامات نہیں ہیں۔ عوام کو راشن شاپس سے چاول کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ ٹاسک فورس نے ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ محدود تعداد میں سربراہی کی سفارش کی۔ ٹاسک فورس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں فراخدلانہ عطیات دیں۔ انہوں نے روز مرہ کام کرنے والے ورکرز اور بیرونی ریاستوں کے لیبر کی ہر ممکن مدد کرنے کا مطالبہ کیا۔