مسنون دعاؤں کا اہتمام کرنے کی تلقین ۔ امام مسجد ِ نبوی ؐ کا خطبہ جمعہ
مدینہ منورہ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس سے لاکھوں افراد کے متاثر ہونے اور ہزاروں اموات کے درمیان امام و خطیب مسجد نبویؐ فضیلۃ الشیخ صلاح بن محمد البدیر نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ کورونا وائرس سے حفاظت کے لئے اللہ تعالیٰ سے پناہ طلب کریں اور اِسی سے حمایت اور حفاظت کا سوال کریں۔ نیز اذکار اور مسنون دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ وباؤں سے نجات پانے کے لئے خالص بارگاہِ خداوندی میں التجا اور دعا سے بڑھ کر کوئی چیز زیادہ سودمند نہیں ہے۔ چھینک اور کھانسی کے وقت اپنے منہ کو ٹشو پیپر وغیرہ سے ڈھانک لیا کریں تاکہ تم میں سے کوئی شخص اپنے ہم نشینوں کو اپنے منہ یا ناک سے نکلنے والے جراثیم سے اذیت نہ پہنچائے۔ کھانے سے پہلے اور بعد میں، قضائے حاجت کے بعد اور ہر چیز کے چھونے کے بعد جس سے انفیکشن کا خطرہ ہو اپنے ہاتھوں کو دھولیا کریں۔ اِسی طرح جب بھی پسینہ، میل کچیل یا گندگی سے ہاتھ آلودہ ہوں تو دھولیں۔ اگرچہ بوسہ اور معانقہ جائز ہے لیکن اِس کورونا وائرس کے خطرہ کے پیش نظر وباء کے پھیلاؤ کو روکنا ضروری ہے۔ ڈاکٹروں نے بوسہ سے منع کیا ہے لہذا اِس پر آپ بھی پابندی کریں۔ حکمت اور دانائی فقہ کا تقاضہ ہے۔ حفظان صحت کے لئے اسلام نے جن چیزوں سے پرہیز کا حکم دیا ہے اُن درندوں کا گوشت بھی شامل ہے جن کے کچلی کے دانت ہوتے ہیں اور جو جانوروں کو چیر پھاڑ کر کھاتے ہیں۔ ان درندوں کے گوشت، جراثیم، کیڑوں اور ایسے بیمار کُن طفلیات پر مشتمل ہوتے ہیں جو عقل، بدن اور ذہنی صلاحیتیں کے لئے خطرناک ہیں۔