قاہرہ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) مصری محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس پارلیمنٹ میں داخل ہوگیا ہے۔ ایک خاتون رکن پارلیمنٹ کا کرونا کا ٹسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں الگ تھلگ کردیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔واٹس ایپ کے ایک گروپ کے ذریعہ مصری پارلیمنٹ کے ارکان نے اپنی کولیگ قاہرہ گورنری سے رکن پارلیمنٹ شیرین فراج کی کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی۔ انہیں قصر العینی اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔مصری پارلیمنٹ کے سکریٹری جنرل محمود فوزی نے بتایا انہیں خاتون رکن کے کورونا کا شکار ہونے کی مصدقہ اطلاعات نہیں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اتوار کو پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔قبل ازیں مصری میڈیا نے خبر دی تھی کہ وزیر صحت کی معاون خصوصی نیفین النحاس بھی کورونا کا شکار ہوگئی ہیں۔ کورونا کا شکار ہونے کے بعد انہیں 9 مئی کو اسماعیلیہ گورنری میں ابو خلیفہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔