کورونا وائرس معائنوں کیلئے دو چینی شہری شریک دواخانہ

   

حیدرآباد 6 فبروری ( پی ٹی آئی ) سرکاری گاندھی دواخانہ میں دو چینی شہریوں کو تنہائی والے وارڈ میں شریک کردیا گیا ہے حالانکہ ان میں کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئی تھیں۔ کہا گیا ہے کہ ان دو چینی شہریوں نے خود ہی دواخانہ سے رابطہ کرتے ہوئے معائنے کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ 37 افراد کے اب تک کس وائرس کیلئے معائنے کروائے گئے ہیں اور ان تمام کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 20 مزید افراد کے معائنے کروائے گئے ہیں تاہم ان کی رپورٹس کا ابھی انتظار کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 20 افراد ایسے ہیں جن کو دو مختلف سرکاری دواخانوں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب ریاست میں اب تک کورونا وائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دو چینی شہری کئی برسوں سے تلنگانہ میں برسر کار ہیں۔ وہ گذشتہ مہینے اپنے ملک سے واپس ہوئے ہیں۔ جمعرات کو وہ خود ہی حکام سے رجوع ہوئے تھے اور معائنوں کی خواہش ظاہر کی تھی حالانکہ ان میں کوئی واضح علامات دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔ احتیاطی طور پر انہیں دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے اور انہیں تنہائی والے وارڈ میں رکھا گیا ہے ۔