کورونا وائرس ‘ مودی کا ولیعہد محمد بن سلمان سے تبادلہ خیال

   

نئی دہلی 17 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان سے فون پر بات کرتے ہوئے کورونا وائرس پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے اس بات چیت میں اس عالمی چیلنج سے نمٹنے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے سارک ممالک کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کا بھی تذکرہ کیا دفتر وزیر اعظم کے ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے G20 سطح پر بھی اسی طرح کی پہل کرنے سے اتفاق کرلیا ہے اور کہا کہ سعودی عرب چونکہ G20 کا صدر ہے اس لئے وہ اس سلسلہ میں پہل کریگا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ کوششوں کیلئے پہلے خصوصی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے اور عالمی سطح پر عوام میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے ایسا کرنا ضروری ہے ۔ نریندر مودی نے اس بات چیت میں اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا کہ اس سے نہ صرف لاکھوں لوگوں کو خطرہ درپیش ہوگیا ہے بلکہ اس سے عالمی معیشت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔