واشنگٹن ؍ نئی دہلی ۔11 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کی اس رپورٹ کو آج درست قرار دیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ووہان انسٹی ٹیوٹ آف ویرالوجی میں کام کرنے والے ایک انٹرن کی جانب سے اتفاقی طورپر کورونا وائرس کا پھیلاؤ ہوگیا ہوگا۔ فاکس نیوز نے بے نامی ذرائع کے حوالے سے اپنی خصوصی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہیکہ یہ حیاتیاتی ہتھیار نہیں ہے بلکہ اس کی ووہان لیباریٹری میں اسٹیڈی کی جارہی تھی ۔ ابتداء میں اس وائرس کی منتقلی چمگاڈر سے انسان میں ہوئی ہے ۔ نیوز چیانل کے مطابق لیباریٹری کا ملازم ووہان کی لیباریٹری کے باہر عام لوگوں میں اس بیماری کے پھیلاؤ سے قبل اتفاقی طورپر اس سے متاثر ہوا تھا ۔ ووہان کی ویٹ مارکٹ کو ابتداء میں اس کے پھیلنے کے پہلے و مرکزی مقام کے طورپر نشاندہی کی گئی تھی ۔ ایک طرف چین نے ویٹ مارکٹ پر لیباریٹری سے منعکس کرنے کا الزام عائد کیا تو دوسری طرف امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے مسئلہ پر چین کی مذمت کی ۔ چین کے صدر سے حالیہ بات چیت میں لیباریٹری کی سکیورٹی سے متعلق تبادلۂ خیال کے سوال پر ٹرمپ نے کہاکہ لیباریٹری سے متعلق جو بات ہوئی ہے اس پر وہ کچھ کہنا نہیں چاہتے ۔ یہ مناسب وقت نہیں ہے ۔ نیوز چیانل کے مطابق چین نے ابتداء میں اس وباء کو چھپانے کی کوشش کی اور ڈبلیو ایچ او کو بھی اس میں شریک بتایا گیا ۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق چین میں امریکی سفارتخانہ کے عہدیداروں نے ووہان انسٹی ٹیوٹ آف ویرالوجی میں نامناسب بائیوسیفٹی کا مسئلہ اُٹھایا گیا جہاں مہلک وائرس اور وبائی امراض کی اسٹیڈی ہوتی ہے۔ ایک علحدہ اطلاع کے مطابق امریکی صدر نے کہاکہ چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بتائے گئے اعداد و شمار سے بہت زیادہ ہے ۔