نئی دہلی28مارچ(سیاست ڈاٹ کام )ملک کے اہم صنعتی گھرانے ٹاٹا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے 1500کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔ٹاٹا ٹرسٹ کے چیئرمین رتن این ٹاٹا نے کہا کہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے ٹاٹا گروپ،ٹاٹا سنس کی کمپنیاں اور ٹاٹا ٹرسٹ اس وقت سماج اور حکومت کے ساتھ ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے 1500 کروڑ روپئے دینے کا اعلان کرتے ہیں۔ ٹاٹا نے کہا کہ اس رقم کا استعمال ڈاکٹروں اور دیگر طبی اہلکاروں ،متاثرین ،علاج کے آلات اور ٹسٹ کٹ خریدنے ،متاثرین کے لئے ہاسپٹلس بنانے طبی اہلکاروںکے لئے ٹریننگ اور عوامی بیداری کے لئے کیا جائے گا۔اپنے بیان میں ٹاٹا سنس کے صدرنشین این چندرشیکھرن نے کہاکہ گروپ کی جانب سے ونٹیلیٹرس کی فراہمی اور ہندوستان میں اُس کی جلد ہی تیاری پر کام کیا جارہا ہے۔اُنھوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے باعث ہندوستان اور دنیا کے مختلف حصوں میں اُس کے اثرات انتہائی تشویشناک ہیں اور اِس پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے مزید ایک ہزار کروڑ کے تعاون کا بھی اعلان کیا۔