کورونا وائرس : ٹیبل ٹینس ورلڈ ٹیم چمپئن شپ ملتوی

   

سیول ۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس جس کی وجہ سے کئی ممالک پریشان کن صورتحال سے گذر رہے ہیں، اس کے اثر کی وجہ سے آئندہ ماہ جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں منعقد شدنی ٹیبل ٹینس ورلڈ ٹیم چمپئن شپ کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے کہا ہیکہ مذکورہ ایونٹ اصل تاریخ کے اعتبار سے 22 تا 29 مارچ منعقد شدنی تھے لیکن اب سے مقامی منتظمین کے ساتھ منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس کے بعد 21 تا 28 جون منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا کے کے۔لیگ کو پہلے ہی ملتوی کردیا گیا ہے جو کہ ملک کے اسپورٹس کیلینڈر ایئر میں شروع ہونے والا نیا فٹبال سیزن تھا اور اس کا پیر کو آغاز ہونا تھا۔ علاوہ ازیں والی بال، باسکٹ بال اور ہینڈ بال بھی کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے جنوبی کوریا میں 8 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے اور اس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ کے بعد یہ تعداد اب 893 ہوچکی ہے۔ آئی ٹی ٹی ایف کے بیان میں عہدیداروں نے کہا ہیکہ کوریا میں سنگین صورتحال اور کھلاڑیوں، عہدیداروں اور شائقین کی حفاظت اور ان کی صحت کے پیش نظر ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ہانا بینک 2020ء ورلڈ ٹیم ٹیبل ٹینس چمپئن شپ جو کو بوسان میں منعقد شدنی تھی جسے ملتوی کردیا گیا ہے اور اب یہ 21 تا 28 جون منعقد ہوں گے۔ مزید کہا گیا ہیکہ بوسان میں تمام فریقوں کے ساتھ بہترین تال میل اور اظہارخیال کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئی ٹی ٹی ایف ورلڈ چمپئن شپ کو جون میں منعقد کرے گی۔ کورونا وائرس نے دنیا بھر میں اسپورٹس پر کافی اثر پیدا کیا ہے کیونکہ چین سے پھیلنے والی اس وباء نے اٹلی، جاپان، ہانگ کانگ، سنگاپور، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک میں متعدد کھیلوں کے ایونٹس کو ملتوی کرنے پر مجبور کروایا ہے۔