کورونا وائرس ٹیکہ کے بعد بین الاقوامی پروازوں کی عام اجازت

   

سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں خدمات بحال ، وندے بھارت مشن کی پروازیں جاری رہیں گے
حیدرآباد۔ کورونا وائرس کا ٹیکہ تیار ہونے کے بعد ہی بین الاقوامی پروازوں کو عام اجازت فراہم کی جائے گی اور دنیا بھر میں اب تک لاک ڈاؤن کا شکار کئی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں مکمل خدمات کو بحال کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے سلسلہ میں اب یہ واضح کیا جانے لگا ہے کہ جب تک ٹیکہ منظر عام پر نہیں آتا اس وقت تک بین الاقوامی پروازوں کو عام اجازت فراہم کئے جانے کے امکانات موہوم ہیں۔ ہندستان کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک میں اب تک کمرشیل بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ شروع نہیں کیا گیا ہے اورآئندہ دو ماہ کے دوران عام کمرشیل پروازوں کے آغاز کے کوئی امکانات بھی نہیں ہیں کیونکہ بیشتر ممالک کی حکومتوں کا احساس ہے کہ عام پروازوں کے آغاز کی صورت میں مسافرین کی تنقیح مشکل ہوتی چلی جائے گی اور مسافرین کی آمد و رفت کے دوران ان پر نظر رکھنا اور ان کی جانچ کرنا مشکل ہوجائے گا اسی لئے جب تک کورونا وائرس کا ٹیکہ تیار نہیں ہوجاتا اس وقت تک بین الاقوامی کمرشیل پروازوں کے آغاز پر غور نہیں کیا جائے گا بلکہ جس طرح سے ہندستان میں وندے بھارت مشن کے نام پر قومی ائیر لائنس کو دنیا کے مختلف ممالک کے لئے چلایا جارہا ہے اسی طرح دیگر ممالک کی جانب سے اپنی قومی ائیر لائنس چلائی جا رہی ہیں اور آئندہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔بتایاجاتا ہے کہ بین الاقوامی کمرشیل پروازوں کے آغاز کے ساتھ ہی مسافرین کو ٹیکہ اندازی کا ثبوت پیش کرنا ہوگا بصورت دیگر انہیں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹیکہ لینے والے مسافرین کو ہی بین الاقوامی سفر کے لئے کمرشیل عام پروازوں میں سفر کی اجازت کی شرط کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔