وزیراعظم مودی حصہ لیں گے ‘ وباء کیخلاف مشترکہ حکمت عملی زیرغور
نئی دہلی ، 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی تمام سارک اقوام کی ویڈیو کانفرنس میں اتوار کو حصہ لیں گے ۔ اس موقع پر کورونا وائرس وباء سے لڑائی کیلئے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دیئے جانے کا امکان ہے ۔ اس وباء نے ابھی تک عالمی سطح پر زائد از 5000 افراد کی جان لے لی ہے ۔ مودی نے گزشتہ روز سارک اقوام کی جانب سے کور ونا وائرس کیخلاف جدوجہد کیلئے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے کی تجویز رکھی تھی جسے تمام رکن ممالک نے قبول کیا ۔ وزیراعظم نے ہفتہ کو ٹویٹ میں کہا کہ زیادہ صحت مند سیارے کیلئے بروقت عمل کی ضرورت ہے ۔ اتوار کو شام 5 بجے سارک اقوام کے قائدین کانفرنسنگ کے ذریعہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے کوئی خاکہ ترتیب دیں گے ۔ انہیں اعتماد ہے کہ سب ملکر کوئی نتیجہ خیز حل ڈھونڈ سکتے ہیں ۔ ترجمان وزارت امور خارجہ رویش کمار نے بھی ایک ٹویٹ میں تصدیق کی کہ مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہندوستان کی قیادت کریں گے ۔ پاکستان نے صحت کے مسئلہ کے پیش نظر اس ویڈیو کانفرنس میں حصہ لینے سے اتفاق کیا ہے ۔